غداری کیس ‘پرویز مشرف کے خلاف تمام گواہوں اور شہادتوں پر عدالتی کارروائی مکمل کرلی گئی

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں تمام گواہوں اور شہادتوں پر عدالتی کارروائی مکمل کرلی گئی جبکہ استغاثہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف ہی عدالت میں آکر بتا سکتے ہیں کہ تین نومبر کے اقدام میں ان کے ساتھ کون کون لوگ شامل تھے۔

جمعرات کو جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کی،وکلاء صفائی کی تین نومبر کے اقدام میں سہولت کاروں اور معاون کاروں سے متعلق درخواست پر استغاثہ نے جواب میں کہا کہ پرویز مشرف خود عدالت میں پیش ہوکر تین سو بیالیس کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرائیں،مشاورت کے عمل میں شریک ملزمان کی نشاندہی پرویز مشرف ہی کرسکتے ہیں اس سے قبل ایف آئی اے کے ڈائریکٹر خالد قریشی نے عدالت میں بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے پرویز مشرف کو لکھا گیا خط ریکارڈ پر موجود ہے لیکن کسی سمری یا ایڈوائس کا کوئی وجود نہیں،ایوان صدر سے ریکارڈ لاپتہ ہونیوالے کے ذمہ دار کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کے ملٹری سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل حامد جاوید کے پاس آرمی چیف کا ریکارڈ موجود تھا،حامد جاوید کا بیان ریکارڈ ہوسکا نہ ہی ان سے پوچھ گچھ ہوسکی بعد میں غداری کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :