کراچی میں ملک کے سب سے مہنگے کالج کا انکشاف

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:40

کراچی میں ملک کے سب سے مہنگے کالج کا انکشاف

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) پاکستان کا سب سے مہنگا کالج سرکاری نکلا، اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 میں گورنمنٹ گرلز کالج میں کرپشن اور بدعنوانی کی انتہاء ہوگئی، کالج کا ایک طالبہ پر محکمہ تعلیم کے 80 ہزار روپے خرچ ہوجاتے ہیں۔ فرنیچر اور دروازے کھاتی دیمک، مکڑی کے جالے، ۔ خراب فرش اور دھول مٹی سے اٹی عمارت یہ کوئی بھوت بنگلہ نہیں، کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کیا جانے والا سرکاری کالج ہے، جو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں طالبات کیلئے تیار کیا گیا، مگر یہاں صرف حشرات الارض اور چیل کوؤں کا راج ہے۔

یہی نہیں یہ کالج پاکستان کا سب سے مہنگا سرکاری کالج بھی ہے، جہاں ایک بچے پر تعلیمی خرچہ تقریباً 80 ہزار روپے ماہانہ آتا ہے، یہ خرچہ اسٹاف کی تنخواہوں کی مد میں آتا ہے، نان ٹیچنگ اسٹاف ماہانہ 77 ہزار روپے سے زائد ڈکار جاتا ہے، جبکہ تدریسی عمل نہ ہونے کے باوجود 41 ہزار روپے اساتذہ کھاجاتے ہیں جو کبھی کالج نہیں آتے لیکن شاہ کا وفادار عملہ یہ بات مانتا ہی نہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کے سالانہ ایک کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ ہونے کے باوجود کالج میں پڑھنے والیوں کی تعداد صرف تیرا ہے، ان میں سے بھی کوئی اس بھوت بنگلے کا رخ نہیں کرتی، اسٹاف کہتا ہے طالبات کیسے کالج آئیں، راستہ سنسان، برابر میں قبرستان ہے۔

کراچی میں گھوسٹ اسکولوں کا انکشاف تو کئی بار ہوا لیکن اب کالج بھی اس فہرست میں آنے لگے، یہ قصہ ملک کے سب سے بڑے شہر کا ہے، یہاں یہ حال ہے تو اندرون سندھ کے گاؤں دیہاتوں کا خدا ہی حافظ ہے لیکن پھر بھی محکمہ تعلیم کا نعرہ ہے، تعلیم سب کیلئے۔

متعلقہ عنوان :