کراچی میں بڑھتی ٹارگٹ کلنگ،رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے

جمعرات 18 ستمبر 2014 15:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء ) کراچی میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی کے باعث رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے، ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے کراچی آپریشن کی نا کامی کے اعتراف کے بعد شہر میں قیام امن کیلئے آپریشن میں تیزی لانے اور آپریشن کی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ رینجرز ، پولیس اور حساس اداروں کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں کراچی میں قیام امن اور دہشت گردی کو سختی سے کچلنے کے حوالے سے اہم فیصلے کر لئے گئے۔

با خبر ذرائع کے مطابق شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی کے ساتھ بھتہ خوری میں اضافے پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر کی سر براہی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی ایسٹ ، اے آئی جی سی آئی ڈی ڈائریکٹر آئی بی، تینوں زون کے سیکٹر کمانڈر اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ حساس اداروں کے سر براہ بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس4گھنٹے تک جاری رہا جس میں تمام افسران نے اپنی رپورٹ پیش کی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران اہم انکشافات اور ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ شہر میں جاری آپریشن میں تیزی لانے کے ساتھ اس کی حکمت عملی بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بھتہ خوروں کے خاتمے کیلئے رینجرز ٹاسک فورس کو مزید متحرک کیا جائیگا۔ جبکہ کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں سمیت تمام مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مسلسل شرچ آپریشن کیا جائیگا۔ پولیس اور رینجرز مشترکہ کارروائی کریں گی۔ بڑی کارروائی کیلئے رینجرز کے خصوصی کمانڈوز بھی ساتھ بھیجے جائینگے۔