سکھر، وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران گدھابان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایس ایچ او سمیت 2پولیس اہلکار معطل

جمعرات 18 ستمبر 2014 15:27

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سکھر دورے کے دوران سیکورٹی کی ڈیوٹی پر تعینات اے سیکشن پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے غریب گدھا بان اور دیگر شہریوں پر تشدد کی خبر وں پر ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو نے نوٹس لیتے ہوئے تھانہ اے سیکشن کے ایس ایچ او خالد میمن سمیت دو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔

بتایا جاتا ہے کہ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے سکھر دورے کے دوران سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے سکھر کے اہم راستوں کو کئی گھنٹے پہلے ہی بند کردیا گیا تھا، اسی دوران بندر روڈ پر اے سیکشن تھانہ کے ایس ایچ او اور دو پولیس اہلکارگدھا بان اور دیگر شہریوں پر ٹوٹ پڑے اور ان کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کردیا، جنہیں سول ہسپتال طبی امداد کے لئے لایا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا پر مذکورہ واقعے کی خبریں آنے کے بعد ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو نے نوٹس لیتے ہوئے تھانہ اے سیکشن کے ایس ایچ او خالد میمن سمیت دو پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ایس پی ہیڈ کواٹر امجد حیات کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا اور ایس پی ہیڈ کواٹر کو حکم دیا کہ معاملے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل انکوائری تک ایس ایچ او سمیت دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے انکوائری رپورٹ میں مذکورہ اہلکار ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف مزید قانونی کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :