لیاری نیازی چوک سے نوجوان کی لاش برآمد ،رینجرز سے مقابلے میں فوجی جوان کے قتل میں ملوث کمانڈر نصیر ہلاک

جمعرات 18 ستمبر 2014 15:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) کراچی کے علاقے لیاری ، کلری نیازی چوک سے بلوچ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی، رینجرز پولیس کا مشترکہ مقابلہ فوجی جوان کے قتل میں ملوث بابا لاڈلہ کا کمانڈر نصیر ہلاک، صبح رینجرز نے شاہ بیگ لین سے دبئی سے آئے ہوئے عابد کو گرفتار کرلیا۔ واقعات کے مطابق جمعرات کی صبح کلری تھانے کی حدود شاہ ولی اللہ روڈ نیازی چوک سے30سالہ بلوچ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔

ایس ایچ او کلری آفتاب رند نے بتایا کہ جیب سے قومی شناختی کارڈ ملا ہے جس پر ابراہیم بلوچ نام درج ہے، پتہ عیدو لین کا درج ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مقتول کو قتل کر کے لاش مذکورہ مقام پر پھینکی گئی ہے۔ جبکہ رینجرز نے شاہ بیگ لین افشانی گلی سیفی لین سے عابد، وسیم سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد کا کسی بھی گینگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عابد 3روز قبل ہی دبئی سے آیا ہے۔ جبکہ لیاری علی محمد محلہ عیدو لین میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ مقابلہ، گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا کارندہ 18سالہ نصیر گل بلوچ ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم گرشتہ دنوں بغدادی تھانے کی حدود سلاٹر ہاوٴس پر حساس ادارے کے اہلکار طارق ہزارے وال کے قتل میں ملوث تھا اور گینگ وار ملزم بابا لاڈلہ کا کارندہ تھا جبکہ ملزم اس سے قبل غفار ذکری گروپ کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔

مقتول علی محمد محلے کا کمانڈر اور ذکری پاڑے کا رہائشی تھا۔ پولیس کا کہنا تھا ملزم 25سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھا اور بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ واقعے میں ملوث بابا لاڈلہ گروپ کے مزید کارندوں لالہ اورنگی ، زاہد لاڈلہ، سکندر سکو، سہیل خوف، راج ، شیروک سمیت دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ رینجرز نے دوسری کارروائی میں مواچھ گوٹھ سے گینگ وار ملزم شیراز کامریڈ کے 2ساتھیوں کو گرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کر لیا۔

متعلقہ عنوان :