مسلم لیگ (ق) نے متاثرین سیلاب کے بجلی کے بل معاف کرنے کیلئے قرار دار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جمعرات 18 ستمبر 2014 15:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ (ق) نے متاثرین سیلاب کے بجلی کے بل معاف کرنے کے لئے قرار دار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ۔ رکن اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار دار میں کہا گیا کہ پنجاب میں اس وقت کے اعداد و شمار کے مطابق 18لاکھ سے زائد افراد سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور وہ کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہوئے ہیں ، صارفین بجلی کو ستمبر 2013 ء کی نسبت ستمبر 2014 ء کے بل 100فیصد زائد بھیجے گئے،جو سیلاب میں ڈوبنے سے بچ گئے وہ بجلی کے بل دیکھ کر سکتے میں آ گئے، ”ویمپائر“ حکمران غریب کے جسم میں موجود خون کا آخری قطرہ بھی چوس لینا چاہتے ہیں،وزیراعظم کی طرف سے اووربلنگ کا نوٹس لیا جانا بھی ڈھونگ ثابت ہوا، گزشتہ سال جنہیں 3ہزار بجلی کا بل آیا تھا اب بارہ، بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود ایک بلب، ایک پنکھا اور فریج کے چلانے والے غریب خاندانوں کو 6 ہزار سے زائد بجلی کا بل آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق کے حکمران بتائیں 10 ہزار تنخواہ لینے والا مزدور 6ہزار بجلی کا بل جمع کروانے کے بعد پورا مہینہ اپنے بیوی بچوں کو کیا کھلائے پلائے گا؟ ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے بجلی کے پیداواری منصوبوں کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کی روک تھام کی مہم بھی فراڈ ثابت ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے حالیہ بل گو نواز گو تحریک کو تقویب بخشیں گے، لائن لاسز، بجلی چوری اور محکمانہ کرپشن کا نقصان غریب صارفین سے وصول کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق ستمبر کے بلوں میں غریب صارفین سے 57ارب روپے ناجائز وصول کیے گئے۔