ملکی معیشت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے پر دھرنا لیڈران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،خواجہ سعد رفیق

جمعرات 18 ستمبر 2014 13:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے‘ دونوں دھرنا لیڈروں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی‘ پارلیمنٹ‘ عدلیہ اور محب وطن پاکستانیوں کی تذلیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے پر دھرنا لیڈران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنے کیلئے عمران خان اور طاہرالقادری پیش پیش ہیں۔ ان دونوں لیڈروں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاؤس اور عدلیہ کو تذلیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری عورتوں اور بچوں کو ڈھال بناکر حکومت کو مفلوج کیا ہوا ہے۔

عورتوں اور بچوں کو یرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔ عمران خان نے عملاً خیبرپختونخواہ کی حکومت کو قید کیا ہوا ہے ان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے چین کے صدر کے دورے کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت میں جو غیر ملکی سرمایہ کاری آنا تھی جو عمران خان اور طاہرالقادری کی وجہ سے نہیں ہوسکی۔ عمران خان اور طاہرالقادری نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو سبوتاژ کیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے موقع پر سارھے دس ہزار میگاواٹ کے منصوبے پر دستخط ہونا تھے اس کے علاوہ گڈانی منصوبے اور 50‘ 50 میگاواٹ کے کئی یونٹ قائم کرنے تھے لیکن بدقسمتی سے نہ ہوسکے۔ وزیراعظم نے بیسیوں مرتبہ چین کے دورے کئے جس کی وجہ سے چین پاکستان کے اندر سرمایہ کاری پر مجبور ہوا لیکن اس غیر ملکی سرمایہ کاری کو عمران خان اور طاہرالقادری نے سبوتاژ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے فوج جیسے ادارے اور عدلیہ کو متنازعہ بنایا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیلاب جیسی مصیبت سے لڑ رہا ہے لیکن یہاں ناچ گانے کی محفلیں جمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم جیسے منصوبوں پر کام نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر سے بجلی کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی معیشت کے دشمن ہیں اور پاکستانیوں کی عزت کو پامال کررہے ہیں جس کی وجہ سے خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ اس ملک کو بچانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کو ختم ہونا چاہئے۔ عمران خان اب عملی کام پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کی تحقیقات ہورہی ہیں۔ ڈاکٹر مصدق اس تحقیقات پر مکمل رپورٹ پیر کے روز کابینہ کی میٹنگ میں پیش کریں گے اور وزیراعظم اس پر فیصلہ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :