سرگودھا ، عوامی تحریک کے کا رکنو ں کیخلاف مقدمہ کی سما عت ملتو ی

جمعرات 18 ستمبر 2014 13:00

حیدرآباد ٹاؤن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت نے پولیس اہلکار قتل جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی مختلف تاریخیں دے کر سماعت 14 ‘ 15 اور 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عوامی تحریک کے مقدمہ میں ملوث 132 کارکنوں کو انتہائی سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا جبکہ سانحہ بھیرہ کے مقدمہ میں ملوث 110 ملزمان جہلم پولیس کی طرف سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے باعث انہیں سرگودھا کی عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت میں ان مختلف مقدمات میں ملوث ملزمان کو سخت سکیورٹی میں میانوالی جیل سے لاکر پیش کیا گیا جس کے بعد عدالت نے بھکر پولیس کی طرف سے پیش کئے گئے 121 ملزمان کی آئندہ تاریخ پیشی 15 اکتوبر جبکہ میانوالی پولیس کی طرف سے پیش کئے گئے 11 ملزمان کے مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پیشی پر انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

تمام ملزمان کو پولیس نے عدالت سے جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل میانوالی منتقل کردیا۔ اسی طرح سانحہ بھیرہ جس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری سمیت آٹھ ہزار سے زائد ملزمان نامزد ایف آئی آر ہیں‘ میں گرفتار 110 ملزمان جن کو حال ہی میں ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا سے ضلعی پولیس جہلم نے للہ ٹاؤن موٹروے پر ہونے والے توڑ پھوڑ‘ جلاؤ گھیراؤ اور قتل کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت سے ان کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کررکھا ہے۔

ان 110 ملزمان کو جمعرات کے روز انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جہلم پولیس کی طرف سے پیش نہ کیا جاسکا تاہم ان ملزمان کی جسمانی ریمانڈ گرفتاری کی روبکاریں عدالت میں پیش کی گئیں جس پر انہیں 16 اکتوبر کو سرگودھا کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ یاد رہے کہ تینوں الگ الگ مقدمات میں عوامی تحریک کے242 ملزمان قتل‘ جلاؤ گھیراؤ‘ پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے‘ پولیس کو یرغمال بناکر تشدد کرنے اور دہشت گردی کی دفعہ 780A کے تحت گرفتار ہوکر سنٹرل جیل میانوالی اور ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کے علاوہ جہلم پولیس کے زیر حراست ہیں۔

تینوں مقدمات میں ملزمان کو آئندہ تاریخ پیشیوں پر باالترتیب 14‘ 15 اور 16 اکتوبر کو دوبارہ انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔