مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اشرف وڑائچ کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت عبوری طور پر بحال

جمعرات 18 ستمبر 2014 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اشرف وڑائچ کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت عبوری طور پر بحال کردی گئی‘ فیصلہ سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز کیا اور الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بھی معطل کردیا‘ الیکشن ٹربیونل نے مخالف امیدوار کی درخواست پر انہیں نااہل قرار دیا تھا۔ کیس کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اطہر سعید اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

اشرف وڑائچ کی جانب سے چوہدری عامرالرحمن ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے ان کو سنے بغیر فیصلہ دیا ہے اور انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ اب تو الیکشن کمیشن نے بھی ان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ ان کیخلاف تفصیلی فیصلہ آنے تک حکم امتناعی جاری کیا جائے اور حکم کو معطل کیا جائے اس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ایم پی اے اشرف وڑائچ کی رکنیت عبوری طور پر بحال کردی اور مخالف فریق کو نوٹس جاری کردئیے ہیں