سوالاکھ طلباءکا مستقبل داﺅ پر لگ گیا

جمعرات 18 ستمبر 2014 12:54

سوالاکھ طلباءکا مستقبل داﺅ پر لگ گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء)شہر قائد کے سوالاکھ طلباءکا مستقبل داﺅپر لگ گیا ہے،محکمہ تعلیم سندھ اب تک گیارہویں جماعت کی داخلہ فہرست جاری نہیں کرسکا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کا مرکزی داخلہ پالیسی آن لائن کرنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا ہے، 66 ہزار طلباءنے آن لائن فارم جمع کرائے تھے تاہم سافٹ ویئر میں خرابی کے باعث محکمہ تعلیم ریکارڈ صحیح جمع نہیں کرسکا۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق مرکزی داخلہ پالیسی کا سافٹ ویئر خامیوں سے بھرا پڑا ہے اور داخلے شروع ہوئے دوماہ گزرنے کے بعد بھی فہرست جاری نہیں کی جاسکی ہے ، جس کے باعث کراچی کے کالجز میں اب تک نیا تعلیمی سال شروع نہیں ہوسکا۔ سٹیرنگ کمیٹی نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں تعلیمی سال شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم محکمہ تعلیم نے اپنی ہی سٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کی دھجیاں اڑادی ہیں۔ ایسی صورتحال میں مزید تاخیر کی صورت میں کراچی کے طلباءکو امتحانات کی تیاری کے لئے سات سے آٹھ ماہ مل سکیں گے جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں فرسٹ ایئرکی کلاسوں کا آغاز ہوچکا ہے، تاخیر کے باعث طالب علم او روالدین شدید پریشانی کا شکارہیں۔