خیبرپختونخواسمبلی کے کئی ملازمین برسوں سے ڈیوٹی سے غیر حاضر

جمعرات 18 ستمبر 2014 12:43

خیبرپختونخواسمبلی کے کئی ملازمین برسوں سے ڈیوٹی سے غیر حاضر

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء)خیبرپختونخواسمبلی کے پندرہ سے زائد ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے سابق اراکین اسمبلی اورافسروں کی رہائش گاہوں پرکام کررہے ہیں، کئی برسوں سے غیرحاضری یہ اسمبلی اہلکار باقاعدگی سے تنخواہ اسمبلی سے وصول کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے کئی ملازمین سابق اراکین اسمبلی و افسران کے ذاتی ملازم بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مشرف دورکی متحدہ مجلس عمل حکومت کے سپیکر بخت جہاں خان کے گھرآج بھی صوبائی اسمبلی کا ایک مالی اور نائب قاصد کام کر رہے ہیں۔ اسی دورکے اپوزیشن لیڈر شہزادہ گستاسپ بھی اسمبلی کے ایک ڈرائیور کی خدمات سے اب بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایک مالی اور سکیورٹی گارڈ سمیت اسمبلی کے چار ملازمین سابق سپیکر کرامت اللہ چغرمٹی کی رہائش گاہ پرتعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری اسمبلی بھی اس بہتی گنگامیں خوب ہاتھ دھورہے ہیں، انھوں نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک ٹیلی فون آپریٹر اور مالی سمیت چار ملازمین کو رکھا ہوا ہے۔ موجودہ سپیکر اسد قیصر کے دور میں بھرتی ہونے والا گریڈ 16 کاایک اکاﺅنٹ افسر پہلے دن سے ہی ڈیوٹی سے غائب ہے۔