ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتی ہے،قومی ٹیم میں حیران کر دینے کی صلاحیت موجود ہے‘ مصباح الحق

بدھ 17 ستمبر 2014 14:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ ٹیم کو واپس ٹریک پرلے آئیں،کھیل میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں،ہمارے پاس بڑے کھلاڑی نہ سہی لیکن ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے،پاکستانی ٹیم میں حیران کردینے کی صلاحیت موجود ہے، نوجوان لڑکے کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتے ہیں،ٹیم میں ایسے بالرز اور آل راؤنڈرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت ٹیم کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتی ہے،ورلڈ کپ سے پہلے ہم 2 ممالک کے خلاف سیریز کھیلیں گے جس میں ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیم ایک مرتبہ پھر جیت کے سفر پر گامزن ہوجائے۔

مینار پاکستان پر ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کسی بھی کرکٹر کے لئے ورلڈ کپ کھیلنا بہت اہم ہوتا ہے اس لئے وہ بھی بہت پرجوش ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے ہمیشہ کھلاڑیوں کی رہنمائی کی ہے جو ان کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ورلڈ کپ کے لئے روانہ ہونے سے پہلے ان سے ملاقات کریں اور ان کے تجربے سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے موسم اور پچز کی وجہ سے ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں ہوسکتی ہیں تاہم پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ جانتی ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں کون سے کھلاڑی شامل ہوں گے۔مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم میں عروج و زوال آتے رہتے ہیں، وہ مانتے ہیں کہ ٹیم نے اپنی گزشتہ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ اسی ٹیم نے اچھی کارکردگی بھی پیش کی ہے، اسی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو اسی کے میدان میں ہرایا ہے۔

ورلڈ کپ سے پہلے ہم 2 ممالک کے خلاف سیریز کھیلیں گے جس میں ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیم ایک مرتبہ پھر جیت کے سفر پر گامزن ہوجائے۔ ٹیم میں ایسے بالرز اور آل راؤنڈرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت ٹیم کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ کھلاڑی صحیح وقت پر کس طرح اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہیں۔ ہمارے پاس وسیم اکرم، عاقب جاوید، مشتاق احمد، عمران خان اور جاوید میانداد جیسے کھلاڑی نہیں لیکن اگر ہم ماضی میں دیکھیں تو قومی ٹیم نے بڑے بڑے حیران کن کارنامے سرانجام دیئے ہیں، ہمیں صحیح وقت پر کھلاڑیوں کو اسی قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں کوئی بھی ٹیم فیوریٹ نہیں، کامیابی اسی ٹیم کے قدم چومتی ہے جو صحیح وقت پر کارکردگی دکھائے کیونکہ ناک آٹ مرحلے پر پہنچنے کے بعد کئی عوامل کسی بھی ٹیم کو اگلے مرحلے میں لے جانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس وقت کوئی بھی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں حیران کردینے کی صلاحیت موجود ہے، نوجوان لڑکے کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

ہمارے پاس بڑے کھلاڑی نہ سہی لیکن بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے،ایسے بالرز ہیں کہ میچ جتواسکتے ہیں، ہمارے پاس عرفان، جنید اوروہاب ریاض ہیں، ہماری ٹیم نے بڑی بڑی ٹیموں کو سرپرائزدئیے ہیں۔ ٹیم کو اس وقت دعاؤں کی ضرورت ہے ، ہم اس عزم کے ساتھ ورلڈ کپ کیلئے روانہ ہونگے کہ واپسی پر قوم کو جیت کا تحفہ دیں ۔

متعلقہ عنوان :