ویٹی کن سفارت کاروں کی گاڑی سے 4 کلو کوکین ، 200 گرام بھنگ برآمد، دو اطالوی شہریوں گرفتار

بدھ 17 ستمبر 2014 12:58

ویٹی کن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء)فرانسیسی کسٹمز پولیس نے ویٹی کن کے سفارتکاروں کی ملکیت ایک گاڑی سے چار کلو گرام کوکین برآمد کر کے دو اطالوی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان نے ایک 91 سالہ کارڈینل کی یہ گاڑی چند روز کے لیے مستعار لی تھی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فورڈ کمپنی کی تیار کردہ اس گاڑی میں سوار جن دو اطالوی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا، ان میں سے کسی کے پاس بھی کوئی سفارتی پاسپورٹ یا دیگر سفارتی شناختی دستاویزات نہیں تھیں۔

اطلاعات کے مطابق ملکی محکمہ انصاف کے مقامی اہلکاروں نے بتایا کہ اس گاڑی سے اتنی بڑی مقدار میں یہ منشیات حکام نے اتوار 14 ستمبر کے روز ایلپس کے پہاڑی علاقے میں واقع چھوٹے سے فرانسیسی شہرچیمبری میں معمول کی چیکنگ کے دوران اپنے قبضے میں لیں۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبررساں ا دارے کے مطابق ویٹی کن ، جو دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کا روحانی مرکز ہونے کے علاوہ ایک آزاد ریاست بھی ہے ، اس کی ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ والی اس گاڑی سے فرانسیسی کسٹمز پولیس کو چار کلو گرام کوکین کے علاوہ 200 گرام بھنگ بھی ملی۔

اکانوے سالہ کارڈینل خورگے ماریا میخیا،جن کی یہ گاڑی ہے وہ اعزازی لائبریرین ہیں۔ ویٹی کن کی کلیسائی ریاست کے نمائندوں کی طرف سے فوری طور پر واضح کر دیا گیا کہ ان منشیات یا ان کی ممکنہ سمگلنگ سے کیتھولک چرچ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ گرفتار دونوں اطالوی شہری ، جن کی عمریں 30 اور 41 برس بتائی گئی ہیں ، یہ گاڑی لے کر اس لیے سپین چلے گئے کہ وہاں سے یہ منشیات خرید سکیں۔ انہیں یقین تھا کہ سپین جانے اور واپس ویٹی کن پہنچنے تک ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی وجہ سے ان کی گاڑی کی تلاشی نہیں لی جائے گی۔ گزشتہ روز دونوں ملزموں کو ایک عدالت میں پیش کر دیا اور ان پر باقاعدہ فرد جرم بھی عائد کر دی گئی۔