اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ بار کونسل میں الیکشن کروانے کے حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد سے رائے طلب کرلی

بدھ 17 ستمبر 2014 12:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کے صدر نصیر احمد کیانی کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار کونسل میں الیکشن کروانے کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل سید نایاب حسن گردیزی عدالت میں پیش ہوئے اور حکومت وکیل حسنین کاظمی بھی عدالت میں موجود تھے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب بار کونسل نے الیکشن کے حوالے سے تاریخ کا اعلان کردیا ہے جبکہ پنجاب بار کونسل نے اسلام آباد بار کونسل کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پنجاب بار کونسل میں اسلام آباد و راولپنڈی ڈویژن کے وکلاء کا حق رائے دہی ختم ہوگیا ہے لہٰذا عدالت سے استدعاء ہے کہ اسلام آباد بار کونسل میں الیکشن کروانے کے حوالے سے وزارت قانون و چیف کمشنر کو احکامات جاری کریں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد بار کونسل میں الیکشن کروانے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔ اٹارنی جنرل یا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مقرر کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال یقینی نہیں ہے لہٰذا وزارت قانون و چیف کمشنر اسلام آباد سے رائے طلب کرلیتے ہیں۔ عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے وزارت قانون و چیف کمشنر اسلام آباد سے پیر تک رپورٹ طلب کرلی

متعلقہ عنوان :