عالمی ادارہ صحت کے وفد کی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات،

عالمی ادارہ صحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام میں بھرپور مد دفراہم کریگا

منگل 16 ستمبر 2014 23:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ محکمہ صحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور متاثرین کو علاج معالجہ کی سہولیات یقینی بنانے کے لئے اپنے انٹرنیشنل ہیلتھ پارٹنرز کا تعاون حاصل کرے گا۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز عالمی ادارہ صحت کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کہی ۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک ، سیکرٹری خزانہ جہانزیب خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر ظفر اکرام، ڈائریکٹر ہیلتھ (سی ڈی سی )، ڈاکٹر احمد عفیفی اور ڈائریکٹر ہیلتھ (ای پی آئی ) ڈاکٹر منیر احمد بھی موجود تھے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے وفدمیں ڈاکٹر جمشید علی ، ڈاکٹر مظہر قریشی اور ڈاکٹر علی راجہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے متاثرین سیلاب کے علاج معالجہ کے لئے پہلے ہی بڑی مقدار میں ادویات اور دیگر سامان فراہم کر دیا ہے ۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کو وبائی امراض کی روک تھام اور مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایمرجنسی ہیلتھ کٹس ، ڈائریا کٹس، پانی صاف کرنے والی گولیاں، سانپ کے کاٹے کا علاج کرنے کے لئے اینٹی سنیک وینم، کتے کے کاٹے کا علاج کرنے کے لئے اینٹی ریبیز ویکسین اور ملیریا کے لئے پرائما کوئین گولیاں اور ریپڈ ڈائیگناسٹک کٹس فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے وفد نے یقین دلایا کہ ڈبلیو ایچ او صوبہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور لوگوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر قسم کا تعاون صوبائی حکومت کو فراہم کرے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری خزانہ جہانزیب خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں اور بحالی کے سلسلے میں سروے اور اعداد و شمار اکٹھا کرنے کے لئے مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کی خدمات سے استفادہ کرنے کی تجویز پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے دیگر انٹرنیشنل اداروں اور مقامی این جی اوز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے ۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ کی تجویز پر یونیورسٹیوں کے طلباء کی خدمات سے استفادہ کے لئے حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں مزید تیزی لانے اور ان کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :