پاکستان نے اپنے انٹیلی جنس اداروں پر افغانستان کے تازہ الزامات مسترد کردیئے،

ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی پر کاربند ہیں ، افغان حکام سرحد پار تحریک طالبان پاکستان کی پناہ گاہیں ختم کرنے اور وہاں پناہ لینے والے دہشتگردوں کی حوالگی کے اقدامات اٹھائے

منگل 16 ستمبر 2014 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) پاکستان نے اپنے انٹیلی جنس اداروں پرافغانستان کے تازہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی پر کاربند ہیں ، افغان حکام سرحد پار تحریک طالبان پاکستان کی پناہ گاہیں ختم کرنے اور وہاں پناہ لینے والے دہشتگردوں کی حوالگی کے اقدامات اٹھائیں ، دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات خطے میں پائیدار امن ،استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔

منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم افغانستان کی نیشنل سیکیورٹی کونسل اور وزارت خارجہ کی طرف سے لگائے گئے تازہ الزامات پرمایوسی کا اظہار کرتے ہیں ، افغانستان کی جانب سے پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں پر دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد اور غیر تعمیری ہیں ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق ہماری جانب سے بار بار زور دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے ہم کسی کو بھی اس حوالے سے پاکستان کے قوانین توڑنے کی اجازت نہیں دینگے اور نہ ہی پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے اہداف کو پس پشت ڈالنے دیا جائیگا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ دہشتگردی کے خطرے سے باہمی تعاون کے ذریعے بہترین طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے ۔ اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے پاکستان کے مضبوط عزم اور اس حوالے سے کسی تفریق اور امتیاز کے بغیر کارروائی کا بھر پور اظہار جاری آپریشن ضرب عضب میں ہوتا ہے ۔ سرحد کی دوسری جانب افغان حکام کی طرف سے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے اور تحریک طالبان پاکستان کے ان عناصر کی حوالگی کے اقدامات ضروری ہیں جو افغانستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔

بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور اچھے ہمسائیوں کے تعلقات کی غرض سے انسداد دہشتگردی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات خطے میں پائیدار امن ،استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔