شہرقائد میں قتل وغارت کا تسلسل جاری ،فائرنگ اورپرتشددواقعات میں باپ بیٹا، خاتون اور 2پولیس اہلکاروں سمیت مزید7افرادجاں بحق جبکہ 3پولیس زخمی ہوگئے

منگل 16 ستمبر 2014 22:55

شہرقائد میں قتل وغارت کا تسلسل جاری ،فائرنگ اورپرتشددواقعات میں باپ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) شہرقائد میں قتل وغارت کا تسلسل جاری ہے ۔منگل کوفائرنگ اورپرتشددواقعات میں باپ بیٹا، خاتون اور 2پولیس اہلکاروں سمیت مزید7افرادجاں بحق جبکہ 3پولیس زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 55 سالہ سب انسپکٹر رانا سرور ولد گل شیر کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر رانا سرور تیموریہ تھانے میں تعینات تھا۔ادھر4کے چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اعجازاحمدجاں بحق ہوگیاجس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آبادحیدری تھانے کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار نعیم ولدعبدالوحیداوراے ایس آئی امام شاہ زخمی ہوگئے جنہیں طبی امدادکے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔

اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر11/Aصابری چوک پر دہشت گردوں نے ہوٹل پر فائرنگ کر کے باپ 50سالہ رشید اور اس کے 28سالہ بیٹے عادل کو ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے، پولیس نے بتایا کہ مقتول رشید متحدہ کا سابق کونسلر اور یونٹ 124کا سرگرم کارکن تھا مقتولین صابری چوک کے رہائشی تھے واقعے کے وقت مقتول باپ بیٹا ہوٹل پر بیٹھے ناشتہ کر رہے تھے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے،واقعے کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام دکانیں بند ہو گئیں جبکہ علاقے میں ممکنہ گڑ بڑی سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے بھی گشت شروع کر دیا ہے۔

ادھر کورنگی تھانے کی حدود لیبر اسکوائر کے عقب والے روڈ سے لاش ملی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40سالہ جاوید حسین کے نام سے ہوئی ہے مقتول کو نا معلوم ملزمان نے تشدد کے بعد گلہ دبا کر قتل کیا مقتول کی اہلیہ کو مقتول کے فون سے کال کر کے بتایا کہ تمہارے شوہر کو قتل کر دیا ہے اور لاش یہاں پڑی ہے۔

مقتول گلشن محمدی کالونی کا رہائشی اور 3بچوں کا باپ ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ میمن گوٹھ کے علاقے ملیر ندی سے 40سالہ نا معلوم خاتون کی لاش ملی۔ پولیس نے لاش کو کارروائی کیلئے اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کو نا معلوم ملزمان نے بدترین تشدد کے بعد قتل کیا اور مقتولہ کے ساتھ زیادتی ہونے کا بھی شبہ ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد زیادتی ہونے کامعلوم ہو سکے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے نیلے رنگ کا شلوار قمیض پہنا ہوا ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔گلبہار کے قبرستان سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :