Live Updates

عمران خان کا جمعہ کو ’گونوازگو ڈے‘‘ منانے کا اعلان...

لوگوں کو روکنا مشکل ہوگیا، چیف جسٹس چاہیں تو خونی انقلاب روکا جا سکتا ہے، عمران خان

منگل 16 ستمبر 2014 22:38

عمران خان کا جمعہ کو ’گونوازگو ڈے‘‘ منانے کا اعلان...

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ملک خانہ جنگی کی جانب بڑھ رہا ہے ،اگر عدلیہ نے مداخلت نہ کی تو پھر ملک خونی انقلاب کی طرف چلا جائے گا کیونکہ اب لوگوں کو روکنا ہمارے بس میں نہیں رہا‘چیف جسٹس چاہیں تو خونی انقلاب کوروکا جا سکتا ہے ، پولیس غیرقانونی کام کر رہی ہے ، پولیس نے اب زیادتی کی تو کارکنوں کو نہیں روک سکوں گا۔

عمران خان نے منگل کو آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ حکومت عدالت کا حکم نہیں مان رہی اور پورے اسلام آباد میں کنٹینرز کو رکھنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی توہین ہے اور لوگوں کو ناجائز طور پر پکڑ کر جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام یہ ہے کہ وہ لوگوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت آئین کے مطابق کرے۔

عدلیہ سے گذارش ہے کہ غیرقانونی اقدامات نہ ہونے دے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ملک کو انارکی اور سول وار سے بچایا جائے۔ عمران خان نے کہا پولیس اہلکار دھرنے سے واپس جانے والوں کو پکڑ لیتے ہیں۔ نواز شریف پولیس سے غلط کام کروا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے تشدد جاری رکھا تو آئی جی طاہر عالم کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اب زیادتی کی تو وہ کارکنوں کو نہیں روک سکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک اس وقت خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے اور اب کارکنوں کو پولیس کیخلاف روکنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ اس ملک میں ویسے بھی جمہوریت نہیں ہے اور چوہدری نثار نے حکم دیا کہ کارکنوں کو مارو جس کے نتیجے میں 17 لاشیں پمز پہنچائی گئی ہیں اور پمز انتظامیہ کو بھی منع کیا کہ لاشوں کے حوالے سے نہ بتایا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ جمعہ کو ’’یوم نجات‘‘ اور ’’گو نواز گو ڈے‘‘ منائیں گے جب تک نواز شریف استعفی نہیں دیں گے اس وقت تک احتجاج ختم نہیں ہوگا اور عید کی قربانی بھی اسی جگہ کریں گے۔اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے نواز شریف کو چیلنج کیا کہ میرے تمام اثاثے سب کے سامنے ہیں جبکہ میرے بیٹوں کے نام پر کچھ بھی نہیں ہے اگر نواز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے تمام افراد کے پاکستان اور بیرون ملک اثاثے ظاہر کر دیں تو دھرنا ختم کر دوں گا، اگر نواز شریف میں جرت ہے تو تمام اثاثے ظاہر کریں لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں اگر ایسا کیا تو ٹیکس چوری یا پھر بد عنوانی کے الزامات میں پکڑے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کو 34واں دن ہو گئے ہیں مگر عوام کے احتجاج میں کمی نہیں آئی بلکہ اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ نے اعلان کیا کہ جمعہ کو میں دھرنے میں اپنا بجلی کا بل جلاؤں گا تاکہ ان حکمرانوں کو پیغام دیا جا سکے کہ انہوں نے بجلی کیوں دو گنا مہنگی کر دی ہے۔پی ٹی آئی کے سربراہ نے الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کو وکیل دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سکیریٹری نے انتخابات میں دھاندلی کو بے نقاب کیا جس پر الیکشن کمیشن کے رکن ریاض کیانی نے ان پر کیس کر دیا ہے ، ہم افضل خان کو وکیل فراہم کریں گے اور دھاندلی بے نقاب کرنے پر ان کا مقدمہ بھی لڑیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف امریکا دورے کے لیے 4کروڑ روپے زائد مانگ رہے ہیں، شریف برادران کوعوام کی فکر نہیں، شریف برادران کے بچوں کا لائف اسٹائل دیکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کی جنگ لڑ رہے ہیں کل عدالت جا رہے ہیں تاکہ ان کو رہائی دلوا سکیں۔پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کا آئین پر امن احتجاج کی اجازت دیتا ہے کارکنوں کو کس جرم میں گرفتار کیا جا رہا ہے جس پولیس نے عوام کو انصاف دینا تھا ان کو حکمران قانون کی خلاف ورزی کروا رہے ہیں۔

پنجاب میں بھوانہ فلائی اوور کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان کی ایک شوگر مل ہے جس کا نام رمضان شوگر مل ہے جس تک جانے کے لیے پل بنایا جا رہا ہے جس پر 250 کروڑ روپے خرچ ہو رہا ہے یہ عوام کا پیسہ ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات