بلوچستان سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے مقامی سرمایہ دار صوبے میں صنعتیں لگائیں ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

منگل 16 ستمبر 2014 22:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے غربت، اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے مقامی سرمایہ دار صوبے میں صنعتیں لگائیں ان خیالات کاا ظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز کوئٹہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرمایہ دار یہاں چھوٹی صنعتیں لگائیں صوبائی حکومت نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ انہیں خصوصی مراعات بھی دے گی، بلوچستان میں بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے صنعتیں لگانے سے صوبے سے نہ صرف غربت کا خاتمہ ہوگا بلکہ ہم ضروری اشیاء ودیگر مصنوعات باہر سے منگوانے کی بجائے خود کفیل بھی ہونگے اس وقت ہم صرف صارف سماج بن چکے ہیں، دودھ، انڈے، مرغی سمیت روزمرہ کی ضروریات کی اشیاء بھی دیگر صوبوں سے لائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ہماری معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، چھوٹی صنعتوں کے نہ ہونے اور پیکنگ کے فقدان سے ہمارے فروٹ کی مناسب قیمت زمینداروں کو نہیں ملتی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معدنیات اور کانکنی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے سرمایہ کاروں کو بہتر آمدن اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سمال ٹریڈ اور انڈسٹریز کے نمائندے بلوچستان صنعتکاری کیلئے اپنی تجاویز صوبائی حکومت کو ارسال کریں، ہم انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان انوسٹمنٹ بورڈ میں کوئٹہ، لسبیلہ اور گوادر کے چیمبر آف کامرس کو نمائندگی دی گئی ہے، وفد نے صوبائی حکومت کے امن و امان سے متعلق اقدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار اور کاروبار کیلئے امن کا قیام انتہائی کلیدی اہمیت رکھتا ہے موجودہ حکومت نے اس جانب بھرپور توجہ دی ہے۔