فیصل آباد ، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے سیلاب زدگان کے لئے جھولی پھیلا کر فنڈ اکٹھا کیا

منگل 16 ستمبر 2014 21:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شہر کے آٹھ بازاروں ،ملحقہ مارکیٹوں ،تجارتی سینٹرز ،ہر مارکیٹ اور دکان پر جاکر سیلاب زدگان کے لئے جھولی پھیلا کر فنڈ اکٹھا کیا۔شہر کے تاجروں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کا بھر پور استقبال کرتے ہوئے سیلاب دزگان کے فنڈ میں حصہ ڈالا،یاد رہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شب وروز سیلاب متاثرین کی مدد کررہے ہیں،متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجارہاہے اور انہیں ہزاروں کی تعداد میں صاف پانی کی بوتلیں او رپکا پکایا کھانا فراہم کیا جارہا ہے،متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے 1000رضا کار 17موٹر بوٹ، 8ربڑ بوٹ ، 40رنگ ٹیوب، 35ایمبولینسز اور 70گاڑیوں کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ متاثرین میں خشک راشن، خیمے اور ترپال بھی تقسیم کیے جا رہے اور 70ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، راشن پیک، خیموں، ترپالوں اور دیگر سامان سمیت موبائل فلٹریشن پلانٹ بھی بھجوایا جا رہا ہے جو 50ہزار لٹر پانی یومیہ صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ لاکھوں روپے کی املاک اور مویشی ہلا ک ہو چکے ہیں،متاثرین کو فوری طور پر ادویات،خوراک،صاف پانی،کپڑوں اور خیموں کی اشد ضرورت ہے۔

جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔انہوں نے فیصل آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ حسب سابق جماعت اسلامی پراپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عطیات جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار پہنچائیں تاکہ مطلوبہ سامان فوری طور پر متاثرین تک پہنچایا جا سکے۔