(ن) لیگ خیبر پختونخوا نے 19 ستمبر کوپشاور میں استحکام پاکستان جلسہ عام کیلئے تیاریاں مکمل کرلی،

نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں اور رہیں گے ،ان سے کوئی استعفیٰ نہیں لے سکتا‘ نئے پاکستان کے دعویدار خیبر پختونخوا میں اپنے آپ کو منوائیں،پیر صابرشاہ

منگل 16 ستمبر 2014 21:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا نے 19 ستمبر جمعتہ المبارک کوپشاور میں استحکام پاکستان جلسہ عام کیلئے تیاریاں مکمل کرلی‘ جلسہ میں صوبہ بھر سے لاکھوں لوگ شریک ہونگے ‘ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘ چند سو لوگوں کو جمع کرکے منتخب وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے کی روایت ڈالنے دینگے نہ ایسی سازشوں میں کوئی کامیاب ہوگا‘ نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں اور رہیں گے ان سے کوئی بھی استعفیٰ نہیں لے سکتا‘ نئے پاکستان کے دعویدار خیبر پختونخوا میں اپنے آپ کو منوائیں اور آئندہ عام انتخابات کیلئے 5 سال انتظار کریں ‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی سمیت دیگر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ اجلاس میں 19 ستمبر بروز جمعتہ المبارک کو پشاور میں عید گاہ چارسدہ روڈ پر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام استحکام پاکستان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے اسلام آباد میں نام نہاد دھرنوں میں ہمارے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ نئے پاکستان کے دعویدار سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز کو بھول چکے ہیں‘ ایک طرف لوگ سیلاب میں مر رہے ہیں اور دوسری طرف اسلام آباد میں میوزکل نائٹس جاری ہیں لیکن جمہوریت کیخلاف سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی‘ وزیر اعظم میاں نواز شریف عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ‘ آج بھی وزیر اعظم ہیں کل بھی رہیں گے ‘ منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کی روایت نہیں ڈالنے دینگے اگر ایسا ہوا تو آئندہ پھر کوئی بھی پارٹی حکومت نہیں کر سکی گی اور اسی طرح دیگر پارٹی چند سو لوگ جمع کرکے ایسا ہی کرینگی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے لہٰذا عمران خان اور طاہر القادری عوام کے حال پر رحم کرکے دھرنے ختم کریں اور ان دھرنوں پر خرچ ہونے والی رقم سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز پر خرچ کریں‘ انہوں نے عوام سے 19 ستمبر بروز جمعتہ المبارک کو پشاور میں استحکام پاکستان جلسہ عام میں بھرپور شرکت یقینی بنانے کی اپیل کی ۔