بہترین مینجمنٹ ،جامع منصوبہ بندی سے قدرتی آفات سے ہونیوالے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے‘ شہبازشریف،

وزیراعلیٰ پنجاب سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، فلڈ اینڈ واٹر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 16 ستمبر 2014 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور واٹر مینجمنٹ سمیت پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا اور چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کے علاوہ ورلڈ بینک کے واٹر سپیشلسٹ مسعود احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ املاک، فصلوں، مویشیوں کے علاوہ انفراسٹرکچر کو بھی وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو بہترین مینجمنٹ کے ذریعے کم سے کم کیا جا سکتاہے۔ عالمی بینک دریائے چناب کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تعاون فراہم کر سکتا ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے کہا کہ انہیں پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ ہوا ہے۔ پنجاب حکومت کو ہرممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :