حافظ آباد، سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد10ہو گئی،ضلعی انتظامیہ نے بھی تصدیق کر دی ،

شہباز شریف کی جانب سے لواحقین میں 16لاکھ فی کس کے امدادی چیک تقسیم

منگل 16 ستمبر 2014 21:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) دریائے چناب میں آنے والے حالیہ سیلاب میں سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد10ہو گئی جن کی ضلعی انتظامیہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 100سے افراد ا بھی بھی لا پتہ ہیں اور متاثرین سیلاب اپنی مدد آپ کے تحت اُن کو ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں چھنی گھلہ، کوٹ سلیم سمیت دیگر علاقوں میں 100سے زائد افراد سیلابی پانی میں بہہ کر ابھی بھی لا پتہ ہیں اور دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کو ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔

دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اُن کے عزیز کئی دنوں سے سیلابی پانی میں لا پتہ ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان کو ڈھونڈنے میں اُن کا کوئی بھی ساتھ نہیں دے رہی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر سیلاب میں لا پتہ ہونے والے افراد کو ڈھونڈنے کیلئے احکامات جاری کیے جائیں اور لا پرواہی کے مرتکب افسران کو فوری طور پر یہاں سے تبدیل کیا جائے۔

دریں اثناء خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے دس افراد کے لواحقین میں 16لاکھ فی کس کے امدادی چیک تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔تحصیل حافظ آباد میں سید تہذیب عباس جو کہ پھالیہ سے دو باغ سیداں میں مہمان آیا ہوا تھا،فتح محمد چھنی گلہ ،لال دین کو ٹ سلیم ،احسان راجہ تارڑاورمحمد ارشد کو ٹ اسحاق جبکہ تحصیل پنڈی بھٹیاں میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے 5افراد محمد منشا اور علی محمد چک بھٹی ،احمد علی ولد محمد علی کو ٹ بیلا ،طالب حسین لودھرے اور فضل عباس نسوال کے لواحقین میں16لاکھ فی کس کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ہیں۔

وزیر مملکت میڈم سائرہ افضل تارڑ ،ایم پی اے چودھری اسد اللہ ارائیں اور دیگر شخصیات نے لواحقین کو انکے گھروں میں جا کر چیک دیئے اور ان ناگہانی اموات پر لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :