داعش پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے ،حامیوں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں،جمعیت علماء پاکستان،

علماء ومشائخ، مزارات اولیاء ،اہم سرکاری تنصیبات اور قانون کے محافظوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں

منگل 16 ستمبر 2014 20:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) داعش پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے ،اس کے حامیوں کی وطن عزیز پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے، علماء ومشائخ، مزارات اولیاء ،اہم سرکاری تنصیبات اور قانون کے محافظوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، 21ستمبر کوبعدنمازظہر مزارحضرت نوری شاہ بابا تین ہٹی تا مزارحضرت قطب عالم شاہ بخاری  عیدگاہ فقیدالمثال تحفظ مزارات ریلی سے پاکستان کے استحکام کی ایک نئی تحریک کا آغازکرینگے جبکہ اسی روز گھوٹکی،لاڑکانہ، نوابشاہ، حیدرآباداور بدین سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں بھی تحفظ مزارات ریلیاں نکالی جائیں گی۔

یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی نے جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، سینئر نائب صدر مفتی محمدرفیع الرحمٰن نورانی، علامہ عبدالغفاراویسی ،محمدشکیل قاسمی،صوفی مقبول جان چشتی ،مولاناعبدالرحمٰن صابری، مولاناغلام غوث گولڑوی، عبدالوحیدیونس، سیدعمران حسین ،ڈاکٹرولی مصطفائی ودیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج انسانیت دم بخود اور پھٹی پھٹی آنکھوں سے یہ لرزہ خیزمناظر دیکھ رہی ہے کہ شام وعراق اور لیبیاسمیت مختلف ممالک میں اللہ اکبر کے مقدس نعرے کو انسانوں کے ذبح کرنے کے سلوگن کے طورپر استعمال کیاجارہاہے۔انبیاء علیہم السلام ،صحابہء کرام، ازواج مطہرات اور اولیاء کاملین وبزرگان دین کے مزارات کو شہید کرنے والے درندے امن پسند کلمہ گو مسلمانوں کی بے دریغ گردنیں کاٹ رہے ہیں، خون مسلم کے دریابہائے جارہے ہیں اور رقص بسمل کے بے ضمیر تماشائی قہقہے برساتے اس ظلم عظیم کو جہادکا مقدس نام دیتے ہوئے ایک لمحے کو بھی اللہ جبار وقہار کی بے آوازلاٹھی سے خوف نہیں کھاتے ،وطن عزیزمیں بھی اس خارجی وتکفیری گروہ کی فکر پھیلانے والے عناصر مسجدوں ،مزاروں ، گلیوں اور بازاروں میں نہتے مردوزن اور معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں،جن کے سرپرستوں نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں اصحاب رسول ﷺ اور ازواج مطہرات اور جبل احد کے دامن میں سیدالشہداء حضرت امیر حمزہ  اور ان کے معززرفقاء  کے علاوہ حضوراکرم ﷺ کی والدہ ء ماجدہ کے مزارات شہید کئے ۔

امدادکے نام پر ان کے سرمائے پر پلنے والے تکفیری خارجی گروہ نے کبھی القاعدہ ،کبھی طالبان اور کبھی کسی اور ذیلی تنظیم کے نام سے پاکستان میں پیربابا ،رحمٰن بابا ،تقی بابا کے مزارات کی بے حرمتی اور گستاخانہ تاخت وتاراج کرکے اپنے بڑوں کی نفرت کو دہرایا،مزارات داتاگنج بخش علی ہجویری، امام بری سرکار،بابافریدالدین مسعودگنج شکر، عبداللہ شاہ غازی بابا سے لے کر ڈیرہ غازی خان، مستونگ اور بلوچستان کے دوردرازعلاقوں کے مزارات پر دھماکے کرکے دنیاکوبتادیاکہ تکفیری اور خارجی گروہ مذہب تودرکنار انسانیت، تہذیب اورورثے جیسی اصطلاحات سے بے بہرہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسے بدترین حالات میں جبکہ یہ تکفیری خارجی گروہ ایک عرصے تک اہلسنّت کا نام لے کر ملک میں رہنے والی سواداعظم اہلسنّت کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے کے بعد اب داعش جیسی انسانیت سوز مظالم کرنے والی تنظیم کانام پاکستان میں استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ دنیائے اہلسنّت کا ان دہشتگردوں سے کو ئی تعلق نہیں ہے، جے یوپی 21ستمبر کو شہرکراچی سے علماء ومشائخ ،مزارات کے گدی نشینوں، آستانوں وخانقاہوں کے سجادہ نشینوں اور زعماء ملت کی قیادت میں تحفظ مزارات ریلی نکال کر مقامات مقدسہ اورشعائراہلسنّت کے تحفظ کی تحریک کا آغاز کررہی ہے،ہم ہراس دردمند مسلمان سے جواسلام کے سلامتی اور امن وآشتی کے فلسفے پر یقین رکھتاہے سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ریلی میں شرکت کرکے بتادے کہ کراچی غلامان رسول ﷺ کا شہر ہے۔

متعلقہ عنوان :