وزیراعلیٰ پنجاب کے جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے،سیلاب زدگان کو عید سے قبل امداد کی پہلی قسط دینگے ،

متاثر ہ علاقوں کے کاشتکاروں کو کھاد ، بیج اور آسان شرائط پر قرضے دینے کااعلان، گھر بھی تعمیر کرائے جائینگے‘ شہبازشریف

منگل 16 ستمبر 2014 20:37

لاہور /جھنگ /ٹوبہ ٹیک سنگھ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ضلع جھنگ اورٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیلاب سے متاثرہ تحصیلوں اورنواحی دیہات کے طوفانی دورے کیے اور سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امدادی کیمپس میں متاثرین سے ملاقات اوران کے مسائل دریافت کیے۔

وزیراعلیٰ نے تحصیل جھنگ کے علاقے کوٹ خیرا اور وجھلانہ کے دورے کے دوران امدادی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اورمتاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے ریکارڈ وسائل فراہم کئے ہیں۔ ایک ایک پائی امانت سمجھ کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں پر خرچ کی جائے گی،متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت متاثرین کی مشکلات کے ازالے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وجھلانہ کے دیہی علاقے کے حفاظتی بند میں اچانک شگاف پڑنے کے بارے میں شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اوراس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو بندٹوٹنے کے حوالے سے بروقت اطلاع نہ دینے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کوان کے نقصانات کے ازالے کے علاوہ بجلی کی تنصیبات خصوصاً ٹیوب ویلوں اور موٹروں کی مرمت کا کام بھی حکومت پنجاب اپنے وسائل سے کرے گی اورشوگر ملوں سے 48گھنٹے کے اندر گنے کے کاشتکاروں کو معاوضہ دلایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب زدگان کو یقین دلایا کہ ان کے نقصانات کا نہ صرف ازالہ کیا جائیگا بلکہ ان کے گھر بھی تعمیر کرائے جائینگے اور عید سے قبل سیلاب زدگان کو امداد کی پہلی قسط دی جائے گی۔

سیلاب متاثرین کی بحالی تک وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ کو جھنگ کی سیلابی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈ ی نیشن آفیسر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ جھنگ کے سیلاب متاثرہ علاقے چونڈ بھروانہ بھی گئے اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کی مشکلات کے ختم ہونے تک یہاں آتا رہوں گااور آپ کی مکمل آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

میں مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں اورجب تک مشکل وقت ٹل نہیں جاتا آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔وزیراعلیٰ نے ضلع جھنگ میں سیلاب متاثرہ علاقے گڑھ مہاراجہ کا بھی دورہ کیا۔ سیلاب زدگان سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصیبت بڑی ہے،لیکن ہمارے حوصلے بھی بلند ہیں۔اللہ تعالیٰ پر پورا بھروسہ ہے،کٹھن وقت جلد ختم ہوجا ئے گا۔

جب تک آپ کے نقصانات کی تلافی نہیں ہوجاتی، میں آرام سے نہیں بیٹھوں گا۔نقصانات کے ازالے کے ساتھ آپ کو کھاد اور بیج بھی مفت دیں گے اور کاشتکاروں کو پنجاب بنک کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے بھی دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمسائے میں فوتیگی ہوتو دشمن بھی خوشی کی تقریبات ملتوی کردیتے ہیں۔عمران خان کو مرنے والوں کاخیال ہے نہ سیلاب میں برباد ہونے والوں کا ۔

اگلے الیکشن میں عوام بھی عمران خان سے ایسا ہی سلوک روا رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے شورکوٹ کا بھی دور ہ کیا اور ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے مزید محنت سے کام کریں ۔

وزیراعلیٰ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کیے اور نواحی گاوٴں مائی صفوراں میں امدادی کیمپس کا دورہ کیا۔سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ ان میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل دریافت کیے۔وزیراعلیٰ نے متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور امدادی کیمپس میں آپ کو تین وقت اچھاکھانا فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کھانے میں گوشت لازمی ہونا چاہیے۔غیر معیاری کھانے پر متعلقہ اضلاع کے افسروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔دس ،دس کروڑ روپے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دےئے ہیں ۔اس رقم کو ایمانداری اور دیانتداری سے سیلاب زدگان پر صرف کیا جائے۔ علاقے کے لوگوں اور سیلاب زدگان نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سندھلیاوالی سے کوٹ عبدالرحیم تک سکول موجود نہیں ہے جس پر وزیراعلیٰ نے علاقے میں ہائی سکول کے قیام کااعلان کیا۔