جماعة الدعوة اسلام آباد نے سیلاب سے م تاثرہ علاقوں میں ایک ہزار خاندان کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا،

اب تک 28موٹر بوٹس کے ذریعے 26 ہزار سے زائد متاثرین کومحفوظ مقامات پر منتقل کردیاہے، سیلاب زدہ علاقوں میں 1 لاکھ 8ہزار سے زائد افراد میں پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کرچکے ، متاثرہ علاقوں میں 54میڈیکل کیمپس بھی قائم کردیئے ہیں، شفیق الرحمن

منگل 16 ستمبر 2014 20:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) جماعة الدعوة اسلام آباد نے سیلاب سے م تاثرہ علاقوں میں ایک ہزار خاندان کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا، امدادی سامان میں اشیائے خورونوش و بنیادی ضروریات کا سامان شامل ہے جبکہ جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے کہاہے کہ اب تک 28موٹر بوٹس کے ذریعے 26 ہزار سے زائد متاثرین کومحفوظ مقامات پر منتقل کردیاہے، سیلاب زدہ علاقوں میں 1 لاکھ 8ہزار سے زائد افراد میں پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کرچکے ، متاثرہ علاقوں میں 54میڈیکل کیمپس بھی قائم کردیئے ہیں۔

منگل کو جماعة الدعوة اسلام آباد کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک ہزار خاندان کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا امدادی سامان میں آٹا چاول گھی دالیں چینی ادویات اور دیگر سامان خوردونوش شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز سے سامان روانہ کیا ۔اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ناظم محمد حسنین ، شعبہ تاجران کے ناظم یاسر بٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔

شفیق الرحمن نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعةالدعوة کے رضاکار سیلاب سے متاثرہ ہر علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ موٹر بوٹس کے ذریعہ سینکڑوں افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔متاثرین کو انکے سامان اور مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ پکی پکائی خوراک ، صاف پانی اور دیگر اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جماعة الدعوة کی طرف سے سیلاب زدہ علاقوں میں ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیا گیا۔لاہور،اسلام آباد،جہلم،گجرات،منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد،وزیر آباد،سیالکوٹ،میر پور، جھنگ، چنیوٹ، نارووال سمیت دیگر شہروں میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے28 موٹر بوٹس کے ذریعے26950افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

جبکہ900سے زائد سیلاب متاثرہ مختلف علاقوں میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے تحت25امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں سے موٹر بوٹس ،ٹریکٹر ٹرالیوں ،ربڑ ٹیوب کے ذریعہ سیلابی پانی میں پھنسے متاثرین میں کھانا پہنچایا جا رہا ہے ۔ جماعة الدعوة کے میڈیکل مشن کے تحت 54میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں ڈاکٹر و پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیمیں سیلاب متاثرہ افراد کا طبی معائنہ کرنے کے بعد مفت ادویات تقسیم کر رہے ہیں۔

مختلف علاقوں میں 26000سے زائد مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا۔۔ شفیق الرحمن نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کر کے پاکستان کو معاشی طور پر اپاہج بنانے کی خوفناک منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔ اس کی آبی جارحیت سے پاکستان کی زراعت وصنعت شدید خطرات سے دوچار ہے۔ انڈیانے لداخ میں ڈیم مکمل کر لیا تو اسلام آباد بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

حکمران و سیاستدان باہمی اختلافات ترک کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔مودی کی سیلاب زدگان کی مدد کی پیشکش پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ جماعة الدعوة مقبوضہ کشمیر کے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر سے قبل مقبوضہ کشمیر میں سیلاب آیا تھا اور وہاں کے علاقے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں ،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آزاد کشمیر میں مدد کی پیشکش سنگین مذاق ہے۔

مودی پاکستان کے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کر رہا ہے اسے یہ بھی واضح کرنا ہو گا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے تمامتر نقصانات کا ذمہ دار بھی وہ ہے ،مقبوضہ کشمیر میں بھی سیلاب سے تباہی ہوئی مودی حکومت وہاں تو کچھ نہیں کر سکی آزاد کشمیرمیں کیا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سیلا ب کے بعد فلاحی تنظیمیں لوگوں کی مدد کے لئے نکلیں خوش آئند بات ہے ،۔

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اختلاف کا وقت نہیں حکمران،سیاستدان سب اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ،قوم کو بھی متحد ہونا چاہئے اور ایک ملت بن کر شکل وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کی صورتحال کو سب کو دیکھنا چاہئے ،آبی جارحیت،بیرونی حملوں کے ساتھ کنٹرو ل لائن پر فائرنگ ہو رہی ہے،لاشیں گر رہی ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی کیفیت ہے کسی کو کچھ پرواہ نہیں،یہ زندہ قوموں کی علامت نہیں ،دشمن خوفناک منصوبے بنائے بیٹھا ہے ،ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کرنی چاہئے۔شفیق الرحمن نے کہا کہ جماعة الدعوة سیلاب متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔