عدالت عالیہ کا شکایات سیل ختم نہیں کیا گیا،ترجمان

منگل 16 ستمبر 2014 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) مورخہ15 ستمبر 2014 کو مقامی اخبار میں عدالت عالیہ کی جانب سے از خود نوٹس کا سلسلہ بند ہونے سے متعلق شائع ہونے والی خبر غلط ، بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہے۔ترجمان کے مطابق عدالت عالیہ کا شکایات سیل از نوٹس لیتا تھا اور نہ ہی یہ سیل ختم کیا گیاہے بلکہ مذکورہ شکایات سیل پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں رپورٹ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں مثلاََ قتل، ظلم و زیادتی، بد اخلاقی اور ڈکیتی سے گھناؤنے جرائم اور دادرسی کیلئے شکایات سیل کو موصول ہونے والی دیگر درخواستوں پر انتظامی سطح پر نوٹس لے کر متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے رپورٹ طلب کر کے مزید کارروائی کی ہدایت کر تا ہے اور یہ سیل فاضل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی رہنمائی میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ فاضل چیف جسٹس کے سٹاف آفسیر، سیشن جج جواد الحسن کے پنجاب سروس ٹریبونل میں تبادلے کی وجہ سے شکایات سیل کا صرف سپروائزری آفیسر تبدیل کیا گیا ہے جبکہ شکایات سیل کا دیگر عملہ اس دفتر میں خدمات سر انجام دے رہاہے اور اب اسکی نگرانی ممبر انسپکشن ٹیم، سیشن جج حبیب اللہ عامر کر رہے ہیں جو کہ اووسیز پاکستانی سیل کے بھی انچارج ہیں۔ فاضل چیف جسٹس کی ہدایت پر دونوں سیل انتظامی سطح پر مظلوموں کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔