موجودہ حکومت معیشت کی بحالی کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پر عزم ہے‘ ممنون حسین،

معیشت کی بحالی میں ترقیاتی اداروں کی معاونت مدد گار ثابت ہوگی‘ صدر مملکت کی اے ڈی بی کے صدر تائی ھیکوناکاؤ سے ملاقاقات میں گفتگو

منگل 16 ستمبر 2014 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معیشت کی بحالی کے ذریعے پاکستان کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پر عزم ہے اور معیشت کی بحالی میں ترقیاتی اداروں کی معاونت مدد گار ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایوان صدر میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدر تائی ھیکوناکاؤ سے ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت معاشی تحفظ کے پروگرام میں 433 ملین ڈالر کے فنڈز فراہم کرنے کی تعریف کی صدر نے اس بات پر اطمینان کا اظہارکیا ہے کہ غرباء میں کیش رقوم کی تقسیم‘ تکنیکی تعلیم کی فراہمی اور خصوصاً خواتین میں چھوٹے قرضوں کی فراہمی سے غربت ختم کرنے میں مدد گار ہوں گے ‘ صدر نے پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مابین دہائیوں سے ورکنگ ریلیشن شپ کی تعریف کی اور بینک کی طرف سے تعلیم‘ صحت ‘ پانی کے وسائل اور خصوصاً توانائی اور کمیونیکیشن کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کو سراہا۔

(جاری ہے)

صدر نے کہاکہ معاشی اصلاحات اور بہتر انفراسٹرکچر ‘ پائیدار معاشی گروتھ اور ترقی کا ماحول فراہم کر سکتا ہے صدر نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے پاکستان کو قدرتی حادثات اور تعمیر نو میں تکنیکی معاونت کی پیشکش کا شکریہ اداکیا ۔ بینک کے صدر تائی ھیکوناکاؤ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات پر افسوس کا اظہارکیا۔

صدر نے پاکستان ‘ افغانستان اور سنٹرل ایشیاء میں تجارت اور معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے اے ڈی بی کے سنٹرل ایشیاء ریجنل اکنامک اقدام کی تعریف کی ۔ وفد اے ڈی بی کے صدر کے چیف ایڈوائزر نایویا جندا ‘ اے ڈی بی کے ڈی جی‘ سنٹرل ایشیاء ڈیپارٹمنٹ کلاس گرہیسر ‘ اے ڈی بی کے پاکستان مشن کے کنٹری ڈائریکٹر ورنرلی پاک اور اے ڈی بی کے پاکستان مشن کے کنٹری پروگرام آفیسر سعد پراچہ پر مشتمل تھا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار‘ وزارت خانہ ڈویژن کے سیکرٹری وقار مسعود خان‘ سیکرٹری ای اے ڈی محمد سلیم سیٹھی اور اے ڈی بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد سمیع سعید بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :