پشاور،پولیس کا گاڑیوں کی رجسٹریشن کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس کی کاپیوں کی تصدیق کی سروس کا آغاز

منگل 16 ستمبر 2014 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہو تے ہوئے پولیس اسسٹنس لائن پشاور میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے کاغذات اور ڈرائیورنگ لائسنس کی کاپیوں کی تصدیق کی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ شہریوں کو اپنے اصل دستاویزات کو محفوظ بنانے اور چوری یا کاغذات کی گمشدگی کی صورت میں تکلیف سے بچانے کیلئے کیا گیاہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی کے نوٹس میں یہ آیا تھا کہ صوبے میں گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات اکثر اپنے پاس اصل دستاویزات نہیں رکھنا چاہتے۔ جس کی وجہ سے انہیں چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے دوران مسائل درپیش ہو رہے ہیں۔ اس مسلے کی نوعیت کو بھانپتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیاکہ صوبے کے تمام پولیس اسسٹنس لائنوں میں تمام لوگوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن کاغذات اور ٹریفک لائسنس کی کاپیوں کی تصدیق کا سروس مہیا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ سروس سب سے پہلے 22ستمبر سے پولیس اسسٹنس لائن پشاور میں شروع کیا جارہا ہے۔ اور اس کا دائرہ بہت جلد صوبے کے تمام پولیس اسسٹنس لائنوں تک بڑھایا جائے گا۔محکمہ پولیس ، صوبائی محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس سے ان کاغذات کی تصدیق کے بعد مذکورہ کاغذات کی کاپیوں کی تصدیق کرے گا۔ ایسی تمام تصدیق شدہ کاغذات کا ریکارڈ صوبہ بھر کے تمام متعلقہ پولیس اسسٹنس لائن میں رکھے جائیں گے اور یہ تصدیق صوبہ بھر میں قابل قبول ہوگا۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے جا چکے ہیں۔ کہ وہ شہریوں کو کسی تکلیف میں مبتلا کئے بغیر متعلقہ پولیس اسسٹنس لائن سے ان کاغذات کی تصدیق بذریعہ وائرلیس سیٹ کیا کریں۔اُمید کی جاتی ہے کہ نیا متعارف شدہ سروس صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :