پنگریو، سراج الحق کے27 ستمبر کو ماتلی میں ہونیوالے جلسہ عام کی تیاریاں زور شور سے جاری،

جلسے کے انتظامات اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے جماعت اسلامی کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی

منگل 16 ستمبر 2014 18:30

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کے27 ستمبر کو ضلع بدین کے شہر ماتلی میں ہو نے والے جلسہ عام کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں جلسے کے انتظامات اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے جماعت اسلامی کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جلسہ کمیٹی کا سربراہ جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری اللہ بچایو ہالیپوٹو کو مقرر کیا گیا ہے اس کمیٹی میں ان کے معاونین بھی شامل ہونگے جبکہ محمد علی عادل کی سربراہی میں میڈیا کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں ضلع بدین کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافی شامل ہیں اوردیگر امور کی انجام دہی کے لئے بھی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ادھر جلسہ کمیٹی کے سربراہ اللہ بچایو ہالیپوٹو نے جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے ضلع بدین کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں اللہ بچایو ہالیپوٹو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر کا ماتلی کی تاریخ میں یہ پہلا جلسہ ہوگا اس دورے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عام لوگوں میں زبردست جوش اور ولولہ پایا جاتا ہے اور کارکن و عوام شدت سے امیر جماعت اسلامی پاکستان کے جلسے کا انتظار کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مختصر عرصے میں جماعت اسلامی کو ملک کے عوام کی مقبول جماعت بنا دیا ہے موجودہ سیاسی بحران میں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے جس طرح سیاسی جرگہ تشکیل دے کر ملک کو کسی متوقع ایڈونچر سے بچایا ہے اس سے عوام میں جماعت اسلامی اور امیر جماعت اسلامی کی مقبولیت میں راتوں رات زبردست اضافہ ہوا ہے اور ملک کے عوام امیر جماعت اسلامی کے اس کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے ماتلی میں ہو نے والے جلسہ عام میں عوامی سمندراُمڈ آئے گا اور ماتلی میں ہو نے والا یہ جلسہ ملک میں ہو نے والے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا۔