لاہور پولیس کا انوکھا کارنامہ ۔۔۔۔۔انگلینڈ میں مبینہ چوری کا مقدمہ لاہور میں درج کر لیا گیا

منگل 16 ستمبر 2014 17:15

لاہور پولیس کا انوکھا کارنامہ ۔۔۔۔۔انگلینڈ میں مبینہ چوری کا مقدمہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2014ء) لاہور پویس کا ایک اور منفرد کارنامہ منظر عام پر آگیا ، کمسن بچوں اور دنیا سے رخصت ہونے والوں کیخلاف مقدمات کا اندراج پولیس کے کارنامے مشہور تھے ہی کہ اب انگلینڈ میں ہونیوالی مبینہ چوری کی واردات کا مقدمہ لاہور کے تھانہ گلشن راوی درج کر لیا گیا، آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔

باغبانپور کے رہائشی میاں شوکت علی کی درخواست پر گلشن راوی پولیس نے مانچسٹر میں ہونیوالی مبینہ چوری کا مقدمہ درج کیا ۔یہ انوکھا واقعہ وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد کے حلقہ میں پیش آیا ہے ۔ ایف آئی آرکے متن میں کہا گیا کہ خاتون وفا سہیل مانچسٹر میں میاں شوکت علی کے صاحبزادے محمد عثمان کے گھر کام کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں خاتون وفا سہیل پر ہیرے کے سیٹ ، ہیرے کی چار انگوٹھیاں ، رولیکس گھڑی ، آئی پیڈ اور 600پاؤنڈ چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔

ایف آئی آر میں کئی غلطیاں بھی سامنے آئی ہیں ،ایک جگہ 25لاکھ جبکہ ایک جگہ 20لاکھ روپے کا نقصان درج کیا گیا ۔ انوسٹی گیشن پولیس نے تاحال جائے وقوعہ مانچسٹر کا دورہ بھی نہیں کیا ۔ ماہرین کے مطابق ملک کے خلاف سازش ،جعلی کرنسی چھاپنے اور ایسی بعض دفعات کے تحت مقدمہ درج ہو سکتا ہے لیکن گلشن راوی پولیس نے جس دفعہ 380کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے یہ تاریخ کی پہلی مثال معلوم ہوتی ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ اس کا جائزہ لیا جائے گا اور غلط ایف آئی آر درج کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :