عوام کو قربانی کی کھالیں اپنی من پسند فلاحی اداروں کو دینے کی آزادی دی جائے‘محمد اسلام

منگل 16 ستمبر 2014 14:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2014ء)جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے دفتر ضلع لانڈھی میں ذمہ داران ضلع اور زونز کے ہفتہ وار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اس سلسلے میں بھرپور طریقے سے عوام سے رابطہ کریں۔

الخدمت ویلفیئر سوسائٹی شہر میں رفاعی اداروں کے ذریعے عوام کی خدمت کررہی ہے اور کراچی کے عوام جماعت اسلامی اور الخدمت پر بھرپور طریقے سے اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کراچی کے عوام کو تحفظ فراہم کریں اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق قربانی کی کھالیں اپنی من پسند فلاحی اداروں کو دینے کی آزادی ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عید الضحیٰ کے موقع پر فول پروف انتظامات کرے۔

اور جرائم پیشہ عناصر کو دھونس دھمکی سے باز رکھا جائے۔ چرم قربانی مہم کے دوران غنڈہ گردی کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔ اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے چرم قربانی مہم اور اجتماعی قربانیوں کے سلسلے میں انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا ہے اور عید الاضحی میں انتظامیہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔