لاہور‘ڈرائیونگ سکول کے آٹھویں بیج میں پاس ہونیوالی18 خواتین سمیت 58افرادمیں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم

منگل 16 ستمبر 2014 14:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2014ء) چیف ٹریفک آفیسرطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور پولیس ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیشِ نظر ڈرائیونگ سکول کیلئے اسی ماہ ایک اور گاڑی خریدی جائیگی، ڈرائیونگ سکول کے آٹھویں بیج میں پاس ہونے والوں کو سرٹیفکیٹس اور انعامات دیئے گئے جن میں18 خواتین سمیت 58 افراد کامیاب ہوئے ۔

سی ٹی اوطیب حفیظ اور ایس پی ہیڈ کوارٹر ز اظہر گجرٹریفک پولیس لائن ٹھوکر نیاز بیگ میں واقع پولیس ڈرائیونگ سکول کی تقریب میں شریک تھے ۔ ڈرائیونگ سکول کے آٹھویں بیج میں کامیاب ہونے والے 18 خواتین سمیت58افراد کو سرٹیفکیٹس اور انعامات دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ نے کہا کہ پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانے اور عوام کی خدمت اور راہنمائی کے جذنے کے تحت سٹی ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ سکول کی بنیاد رکھی ہے جسے شہریوں نے نہایت خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے سکول انچارج سجاد مہدی کو ہدایت کی کہ کورس میں شمولیت کرنے والوں کی ٹریننگ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ شہری کسی بھی معلومات یا تجاویز کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن لینڈ لائن سے 0423-1915 اور موبائل سے 1915 پر رابطہ کریں۔