پیپلزپارٹی نے پنجاب کے عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہی گی ‘وزیراعلی سندھ

منگل 16 ستمبر 2014 14:19

پیپلزپارٹی نے پنجاب کے عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2014ء) پاکستانپیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو نے گزشتہ شب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ ، سینیٹر تاج حیدر، صوبائی وزیر پارلیمانی امورڈاکڑ سکندر میندھرو بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کے عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ۔

انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران پنجاب میں 200 سے زائد اموات اور لوگوں کے مالی نقصانات پر اپنے شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے احکامات کے تحت سندھ حکومت نے پنجاب کے سیلاب زدگان بھائیوں کے لئے 10 کروڑ روپے اور آزادکشمیر کے متاثرین کے لئے بھی 10 کروڑ روپے کی امداد دی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے پیپلزپارٹی پنجاب کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے سیلاب زدگان کے نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے دریائے سندھ اور دیگر فلڈ پروٹیکٹو بندوں کے پشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر کیا ہے اور ان کی 24 گھنٹے کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بذات خود دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں اور بیراجوں کا دورہ کیا ہے اور تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب سے آنے والے بڑے سے بڑے سیلابی ریلے کو باحفاظت اور محفوظ طریقے سے سمندر برد کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے سندھ حکومت کی جانب سے باالخصوص پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا جن کی دلچسپی سے پنجاب کے عوام کو ریلف کے لئے امداد وصول ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام سندھ کے عوام کے اس پر خلوص جذبہ کی دل سے قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں اورپیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں اور کارکنوں کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرین کی بحالی تک ان سے رابطہ میں رہیں تاکہ بوقت ضرورت ان کی مزید مدد کی جائے ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلزپارٹی پنجاب کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :