Live Updates

اسلام آباد ، پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ، دو افراد زخمی

منگل 16 ستمبر 2014 12:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے گزشتہ روز رات گئے عمران خان کا رات کا خطاب سن کر دھرنے سے واپس جانے والوں نے مقررہ راستے کے بجائے دوسرا راستہ اختیار کیا اور سپریم کورٹ کے سامنے جا پہنچے اور آناً فاناً پولیس پر پتھراو شروع کردیا جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی پتھراو اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے دو کارکن زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے ایکشن کے بعد مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور پارلیمنٹ کی جانب مارچ شروع کردیا تاہم انہیں وہاں بھی پولیس کا سامنا کرنا پڑادونوں کے درمیان تصادم آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان کے کنٹینر سے تصادم روکنے اور پولیس سے حراست میں لیے گئے کارکنوں کو رہا کرنے کی درخواست لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے کی گئی۔پاکستان عوامی تحریک کے صدر راحیق عباسی نے بھی پی اے ٹی سربراہ طاہر القادری کے کنٹینر سے پولیس سے پی ٹی آئی ورکرز کو رہا کرنے کی درخواست کی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے جس پر پولیس نے ان افرد کو رہا کردیا بعد ازاں پی ٹی آئی مظاہرین دھرنے کے اصل مقام کی جانب واپس آگئے اور اپنے ساتھیوں کی رہائی کا جشن منانے لگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات