فلائٹ میں تاخیر، مسافروں نے رحمان ملک کو جہاز سے اُتار دیا... میں ذمہ دار نہیں‘ رحمان ملک

منگل 16 ستمبر 2014 11:40

فلائٹ میں تاخیر، مسافروں نے رحمان ملک کو جہاز سے اُتار دیا... میں ذمہ ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) کراچی سے اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی-کے 370 کی روانگی میں ڈھائی گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہونے کے بعد مسافروں نے شدید احتجاج کیا، اور تاخیر کا سبب بننے والے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک اور مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو جہاز سے اترنے پر مجبور کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر رحمان ملک اور مسلم لیگ نون کے ایم این اے کو جہاز سے باہر جانے کا کہہ رہے ہیں۔پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 370 کو پیر کی شام سات بجے کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا، لیکن یہ ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔دوسری جانب پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 370 میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ڈیرھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اطلاع پرواز کی روانگی سے قبل ہی دے دی گئی تھی۔خیال رہے اس سے قبل مسافروں نے روانگی میں تاخیر کا ذمہ دار رحمان ملک اور ایک مسلم لیگی ایم این اے کو قرار دیا تھا۔


دوسری طرف سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے گزشتہ روز پی آئی اے کی فلائٹ میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد ایک بیان میں اپنی پوزیشن کو واضح کیا ہے کہ اس تاخیر کے ذمہ دار وہ نہیں ہیں۔

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں رحمان ملک نے لکھا ہے کہ پرواز کی روانگی میں تاخیر تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی تھی۔