جماعة الدعوة لاہور کی لاہو رکے نواحی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ،

ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں

پیر 15 ستمبر 2014 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) جماعة الدعوة لاہور کی جانب سے لاہو رکے نواحی علاقوں رچنا ٹاؤن، رانا ٹاؤن ، حیدر روڈ ، پٹھان کالونی، راوی ریان ،مریدکے ، نارنگ منڈی اور دیگرنواحی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ ان علاقوں میں ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں سے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔

موٹر بوٹس کے ذریعے پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ گھروں میں موجود افراد تک پکی پکائی خوراک بھی پہنچائی جا رہی ہے۔ بارشوں کا پانی نہ نکلنے کہ وجہ سے علاقہ میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں ۔سیلاب زدہ علاقوں میں سکن الرجی کے کیسز سب سے زیادہ سامنے آئے ہیں جبکہ ملیریا، ڈائریریا، گیسٹرو کے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ علاقوں میں جماعة الدعوة کے میڈیکل کیمپوں پرہزاروں مریضوں کا معائنہ کیاگیاہے اور مفت ادویات تقسیم کی جارہی ہیں ۔علاقوں میں بڑے پیمانے پر ملیریا بخار اور جلدی امراض کی ادوات بھی تقسیم کی جارہی ہیں ۔ جماعة الدعوة کے کیمپ پر اور کشتیوں کے ذریعہ سے رانا ٹاؤن میں تین ہزار ، راوی ریان میں پندرہ سو اور نارنگ منڈی میں تقریباً ایک ہزارافراد تک پکی پکائی خوراک پہنچائی جارہی ہے ۔

اسی طرح ان علاقوں میں روزانہ سینکڑوں پانی میں پھنسے افراد کو موٹر بوٹس کے ذریعہ سے پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ فلاح انسانیت کے رضا کار تین ستمبر سے جاری اس آپریشن میں چوبیس گھنٹے مسلسل خدمت خلق کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ جماعة الدعوة لاہور کے ناظم مولانا ابوالہاشم روزانہ جاری کاموں کی خود نگرانی کررہے ہیں ۔

اُن کا کہنا ہے کہ موجودہ نازک صوت حال میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا ہماری اولین ترجیح اور ہنگامی بنیادوں پر سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بلا امتیاز مدد کی جارہی ہے۔حالیہ طوفانی بارشوں اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب کے باعث متاثرہ لوگوں کی مدد و خدمت کرنا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔متاثرین کے بڑے مسائل میں پینے کا صاف پانی، راشن، ادویات اور زمینی راستوں کی بحالی شامل ہے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کی ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیمیں رانا ٹاؤن میں امدادی کیمپ پر موجود ہیں جو سیلاب متاثرین کو طبی معائنہ کے بعد مفت ادویات فراہم کر رہی ہیں۔