حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا سروے شروع کر دیا گیا ہے، شہباز شریف،

متاثرین کو ہفتوں میں امداد کی پہلی قسط ملناشروع ہو جائیگی، سیلاب سے جن لوگوں کے مکانات اور فصلیں بتاہ ہو گئی ہیں ان کو شفاف طریقے سے امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور حقدار کو اس کا معاوضہ ملے گا،سیلاب زدگان کی زیادہ سے زیادہ خدمت سیاست نہیں ہے اور ہم خدا کی رضا کیلئے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کا بہاولپور میں متاثرین کے کیمپوں کے دورہ کے دوران خطاب

پیر 15 ستمبر 2014 21:42

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا سروے شروع کر دیا گیا ہے اور متاثرین کو مہینوں کی بجائے ہفتوں میں امداد کی پہلی قسط ملناشروع ہو جائے گی۔ وہ یہاں ضلع بہاولپور میں اوچ شریف اور بلہ جھلن میں متاثرین کے کیمپوں کے دورہ کے دوران ان سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں ے کہا کہ حالیہ سیلاب سے جن لوگوں کے مکانات اور فصلیں بتاہ ہو گئی ہیں ان کو شفاف طریقے سے امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور حقدار کو اس کا معاوضہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد جب تک اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہو جاتے اور اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو جاتے میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو کھاد اور بیج مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ اپنا کام محنت سے شروع کریں اس طرح خوشحالی کا سفر شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی زیادہ سے زیادہ خدمت سیاست نہیں ہے اور ہم خدا کی رضا کیلئے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو الله تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہیے اور اپنے دن رات دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے پیشتر اضلاع میں سرکاری محکمے مشترکہ طور پر باہم مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کر رہے ہیں یہ بات خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں بھی انتظامیہ اور عوامی نمائندے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب قدرت کی طرف سے ہمارا امتحان اور مشکل وقت ہے اس مشکل وقت میں قوم کو متحد ہو کر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ متاثرین کو کھانے میں روٹی فراہم کرنے کیلئے مکینیکل تندور لگائے جائیں گے اور مسلسل صاف پانی فراہم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب نے نیک نیتی سے لوگوں کی مدد کی تو ہمارا یہ دکھ اور مایویسی خوشی میں بدل جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلابی ریلا وسطی پنجاب سے ہیڈ پنجند سے گزرنا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء الله تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ 30ہزار افراد کی آبادی کا انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بہاولپور میں 3سیکٹر قائم کر دیئے گئے ہیں اور 9ریلیف سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ان سینٹروں میں 3وقت کے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسی محنت اور جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی حسن گیلانی،صوبائی اراکین اسمبلی قاضی عدنان فریداورخالد محمود وارن بھی موجود تھے۔