سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،

ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے اجراء، کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا

پیر 15 ستمبر 2014 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کی جبکہ اجلاس میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ارکان سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس کے حوالے سے سید سردار احمد نے بتایا کہ اس اجلاس میں ارکان اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے اجراء، کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سندھ کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور شہر میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومت سے کہا گیا کہ ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کو جلد از جلد جاری کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے۔

سید سردار احمد نے بتایا کہ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے ایک قرارداد اسمبلی میں جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کا آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ شامل کیا جائے کہ جس دن سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہو، اسی دن پہلے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے معاملے پر بحث کرائی جائے۔ سردار احمد نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں ایک اور قرارداد جمع کرائی جائے گی جس میں کہا جائے گا کہ آئندہ اجلاس میں بلدیاتی نظام کے معاملے پر بحث کی جائے۔