سیلاب متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیں گے ،خود نگرانی کروں گا‘ نواز شریف ،

جب تک سیلاب کے پانی کا آخری قطرہ سمندر میں نہیں چلا جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

پیر 15 ستمبر 2014 21:17

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیں گے اور اس عمل کی خود نگرانی کروں گا،جب تک سیلاب کے پانی کا آخری قطرہ سمندر میں نہیں چلا جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے پر فوج ،پولیس اور ریسکیو 1122سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں دریائے چناب پر شیر شاہ بند پر سیلاب زدہ علاقے کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کمشنر ملتان نے وزیر اعظم نوازشریف کو ملتان اورخانیوال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خانیوال اور ملتان میں سیلاب سے 210دیہات اور ایک ساڑھے تین لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو نقل مکانی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

سیلاب سے ایک لاکھ ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 153مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں۔ سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہونے والوں کے ساتھ ہے ۔میں آپ کے ساتھ ہوں ہے ،شہبازشریف آپ کے ساتھ ہے۔جب تک یہ مصیبت ٹل نہیں جاتی آپ کی مددجاری رکھیں گے۔

صرف میں اور شہبازشریف ہی نہیں تمام اراکین اسمبلی بھی آپ کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں فوج ،ریسکیو1122،پولیس،انتظامیہ سمیت ان تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ متاثرین سیلاب جلد ازجلد اپنے گھروں کو واپس جائیں۔جب تک آپ اپنے گھروں میں نہیں جائیں گے ہم آپ کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔

نوازشریف نے کہاکہ میں امدادی کاموں کی خود نگرانی کرونگا۔شہبازشریف بھی نگرانی کریں گے تاکہ جو مصیبت آئی ہے اس کاتدارک کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت آپ کے ساتھ ہے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیں گے اور اس عمل کی میں خود نگرانی کروں گا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مصیبت ختم کرے۔