چیف جسٹس سپریم کورٹ میرے بھائی کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں، کوئٹہ سے لاپتہ سردار دارو خان ابابکی کی ہمشیرہ کی اپیل

پیر 15 ستمبر 2014 20:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے سردار دارو خان ابابکی کی ہمشیرہ مائیکان ابابکی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انکے بھائی کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔اگرانہوں نے کوئی جرم کیاہے تواسے عدالت میں پیش کیاجائے تاکہ قانون کے مطابق اس کیخلاف کاروائی ممکن ہوسکے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ میرے بھائی سردار دارو خان ابابکی کو 28دسمبر2010ء کوسریاب مل کالونی سے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر حراست میں لیا میرے بھائی کے ساتھ میرے چھوٹے بھائی طاہر خان ابابکی اور ہمارے رشتہ دار مجیب اللہ اور عبدالرزاق عرف منظور کو بھی لے گئے تھے لیکن چھ ماہ بعد میرے چھوٹے بھائی طاہر خان ابابکی اور رشتہ داروں کو چھوڑ دیا لیکن میرے بڑے بھائی سردار دارو خان ابابکی کو ابھی تک بازیاب نہیں کیا گیا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے اہلخانہ شدیدقرب میں مبتلاہیں مائیکان ابابکی نے کہا کہ 9جولائی2012 کو اخبار میں خبر شائع ہوئی کہ لاپتہ افراد کمیشن کی جانب سے لاپتہ افراد میں سے 30افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے جن میں میرے بھائی سردار دارو خان ابابکی کا نام بھی شامل تھا لیکن ابھی تک میرے بڑے بھائی کوبازیاب نہیں کرایا گیا اور کمیشن کی طرف سے شائع ہونے والی خبر بے بنیاد اوراہل خانہ کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے بھائی کے خلاف کوئی کیس ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے عدالت جو سزا دیگی ہمیں قابل ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ انکے بھائی سردار دارو خان ابابکی کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں ۔تاکہ ہمیں اس قرب سے نجات مل سکے۔