حافظ آباد،متاثرین سیلاب کیلئے دی جانے والی امداد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاکھوں روپے کرپشن کا انکشاف

پیر 15 ستمبر 2014 20:05

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع بھر کے متاثرین سیلاب کیلئے دی جانے والی امداد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاکھوں روپے کرپشن کا انکشاف۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین سیلاب کو دیا جانے والا ناقص سامان اُنکی داد رسی کی بجائے اُن کیلئے وبال جان بن گیا،ضلعی انتظامیہ اور مقامی تاجروں کی مبینہ ملی بھگت سے ناقص راشن متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جانے لگا۔

متاثرین سیلاب کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے مقامی ضلعی انتظامیہ کیخلاف کاروائی کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے فوری طور پر متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے15کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیاجس کا مقصد فوری طور پر متاثرین سیلاب کو ریلیف فراہم کرنا اور اُنکی داد رسی تھالیکن ضلعی انتظامیہ نے مبینہ طور پر بہترین اشیائے خوردونوش کے اے کلاس دام لگا کر ناقص اور سستا سامان خرید کر متاثرین سیلاب میں تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ گھی کے 2پیکٹ کی بجائے ایک ہی پیکٹ،چاول اور دالیں متاثرین سیلاب کے سامان میں رکھی جا رہی ہیں وہ معیاری نہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مبینہ طور پر تاجروں کیساتھ ملی بھگت کرکے پرانی سٹاک شدہ اور ناقص اشیائے خوردونوش مہنگے داموں لیکر سیلاب متاثرین کوسپلائی کی جا رہی ہیں جن کو کھانے کے بعد سیلاب متاثرین سیلابی آفت کے بعد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونا شروع ہو گئے ہیں۔دوسری جانب ٹی ایم او کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو میعاری نہیں بلکہ پیٹ بھرنے کیلئے اشیائے خوردونوش درکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :