سپریم کورٹ میں تعینات لاء افسران کے تبادلے ،

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عتیق شاہ پشاور ، اٹارنی جنرل کے دست راست رانا وقار اسلام آباد سپریم کورٹ کیلئے نیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل تعینات ، نوٹیفکیشن جاری

پیر 15 ستمبر 2014 20:05

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) سپریم کورٹ میں تعینات لاء افسران کے تبادلے کردئیے گئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل عتیق شاہ کو پشاور بھجوا دیا گیا جبکہ اٹارنی جنرل پاکستان کے دست راست رانا وقار کو اسلام آباد سپریم کورٹ کیلئے نیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل تعینات کردیاگیا ہے،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے جبکہ ایک ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استعفیٰ دے دیا ہے جو وزارت قانون وانصاف کو موصول ہوگیا ہے۔

اس سے قبل ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر جوسپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمات میں پیش ہورہے تھے اور لاپتہ افراد کے مقدمات میں کافی پیشرفت بھی ہورہی تھی انہیں وہاں سے تبدیل کرکے اسلام آباد ہائی کورٹ بھجوا دیا گیا،جنہیں لاپتہ افراد کے لواحقین کے مطالبے کے باوجود تاحال واپس نہیں لایا جاسکا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق کھوکھر کو اسلام آباد ہائی کورٹ اس لئے تعینات کیا گیا ہے کہ ان کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے ہی ہوئی تھی،مگر سابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے انہیں عدالت عالیہ جانے نہیں دیا تھا اور وہ سپریم کورٹ میں اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے،تاہم منیر اے ملک کے جانے کے بعد نئے اٹارنی جنرل کی تعیناتی ہونے پر طارق کھوکھر کو اسلام آباد ہائیکورٹ شفٹ کردیاگیاجبکہ عتیق شاہ کو بطور ایڈیشنل اٹارنی جنرل لاپتہ افراد کے مقدمات میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔

اب جبکہ کچھ عرصے سے لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت نہیں ہورہی ہے جبکہ دوسری طرف پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمات کی مسلسل سماعت جاری ہے،یہی وجہ ہے کہ عتیق شاہ کو پشاور بھجوا دیا گیا ہے۔۔