بلوچستان کے ساحل کا دفاع کریں گے، ریکوڈک پر سمجھوتہ کیا نہ کریں گے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،

بلوچستان کا مستقبل ہے، اسے عوام کے مفاد میں استعمال کریں گے،عوام گواہی دیں گے گزشتہ دس سالوں اور ہمارے ڈیڑھ سال میں کیا فرق اور تبدیلی آئی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 15 ستمبر 2014 20:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساحل کا دفاع کریں گے، ریکوڈک پر ناکوئی سمجھوتہ کیا ہے نہ کریں گے، یہ بلوچستان کا مستقبل ہے، اسے عوام کے مفاد میں استعمال کریں گے، عوام گواہی دیں گے کہ گذشتہ دس سالوں اور ہمارے ڈیڑھ سال میں کیا فرق اور تبدیلی آئی ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے کھڈ کوچہ مستونگ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ، نیشنل پارٹی قلات اسٹیٹ اور نیب کا تسلسل ہے، مستونگ کی سرزمین بلوچ قومی جدوجہد کے حوالے سے کافی زرخیز رہی ہے،قلات اسٹیٹ کے زمانے میں ہمارے اکابرین پر یہاں قومی جدوجہد کی پاداش میں لاٹھی چارج کی گئی اور قلات بدری کی سزادی گئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پارٹی کو منظم اور متحرک بنانے کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہے، کیونکہ بعض شکست خوردہ عناصر سے بلوچستان کے عوام کی خدمت اور نیشنل پارٹی کا بہتر کردار ہضم نہیں ہو پا رہا ہے، عوام مخالف اور منفی عناصر دوبارہ نیشنل پارٹی کے خلاف صف آرا ہو رہے ہیں، عوام کی طاقت اور حمایت سے جن لوگوں سے اقتدار چھن گیا اور ان کے ذاتی مفادات پر ضرب لگی ہے وہ اب بڑے بے چین ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کو کرپٹ نمائندوں اور لینڈ مافیا نے اپنے نام الاٹ کرایا، ہم نے بھی یہ تہہ کر رکھا ہے کہ ساحل کا دفاع کریں گے، غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی پسنی کی لاکھوں ایکڑ اراضی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ پسنی کے عوام کو جلد مالکانہ حقوق بھی دیں گے، انہوں نے کہا کہ ساحل اور وسائل کا دفاع نیشنل پارٹی کا ایجنڈا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اجتماع کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ عوام گواہی دیں گے کہ گذشتہ دس سالوں میں اور ہمارے ڈیڑھ سال میں کیا فرق اور تبدیلی آئی، نیشنل پارٹی کے کسی بھی نمائندے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا کہ وہ اغواء کاروں یا جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام نے نیشنل پارٹی پر ہماری سیاست فکر اور بلوچستان دوستی کی بنیاد پر اعتماد کا اظہار کیا، عوام نے پیسوں اور کندگی سیاست کو شکست دی، آج بھی شکست خوردہ عناصر نیشنل پارٹی اور بلوچستان کے عوام کے خلاف صف بندی کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لیے ہم تواتر سے کوششوں میں مصروف ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی اور قومی فکر کی بنیاد پر آئندہ بھی عوام کے پاس جائیں گے، دادو خضدار ، ڈی جی خان لورالائی ٹرانسمیشن لائنوں کی تکمیل کے بعد اندرون بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشنوں کی بہتری کے لیے 8ارب روپے رکھے گئے ہیں اور اس پر جلد کام کا آغاز ہوگا اور صوبے میں بجلی کے بحران کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی، وزیر اعلیٰ نے کھڈ کوچہ میں بجلی کے لیے 2کروڑ جبکہ زمینداروں کے لیے 2ہزار بلڈوزر گھنٹے دینے کا اعلان کیا۔