امن کی خاطر دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،عبدالنبی بنگش،

ٹل تھانے پر حملہ بزدلانہ کاروائی ہے حکومت شہید اہلکار کے لواحقین کیلئے پیکیج کا اعلان کرے،رہنماء اے این پی

پیر 15 ستمبر 2014 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر عبدالنبی بنگش نے ہنگو کی تحصیل ٹل میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفا ظ میں مذمت کی ہے اور واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ امن کی خاطر جان کے نذرانے پیش کرنے والے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید اہلکار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والے اہلکار کے لواحقین کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے ، انہوں نے خود کش حملہ آور کوہلاک کرنے والے غازی اہلکار کی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے اسے خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو تا کہ پختون سرزمین پر امن کا بول بالا ہو سکے ، سینیٹر عبدالنبی بنگش نے کہا کہ پختو نخوا کے عوام نے امن کے قیام کی خاطربھاری قیمت چکائی ہے لیکن ان بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا ، پارٹی رہنما نے شہید ہونے والے اہلکار کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :