ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوٹوں پر گونواز گو مہم چلانے کا اعلان واپس لے لیا، موبائل پر ایس ایم ایس پر مہم چلانے کا حکم دے دیا!!

پیر 15 ستمبر 2014 19:43

ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوٹوں پر گونواز گو مہم چلانے کا اعلان واپس لے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوٹوں پر گونواز گو مہم چلانے کا اعلان واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے وزیر اعظم ، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کو ملزم تسلیم کرلیا ہے، عدالت کا فیصلہ آگیا ہے اب دیکھتے ہیں آگے اس پر کتنا عمل ہوتا ہے شاہراہ دستور پر انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ کرنسی نوٹوں پر گو نواز گو لکھنے کا اعلان واپس لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قانون کا احترام کرتے ہوئے کرنسی نوٹ مہم واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جو شہری ظلم کے نظام کو رَد کرتے ہیں، وہ ہر جگہ 'گو نواز گو' لکھیں۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اب سوشل میڈیا پر گو نواز گو مہم شروع کریں اورہر موبائل ایس ایم ایس کے آخر میں گو نواز گو لکھنا شروع کریں.

عوامی تحریک کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ ملک میں جمہوریت نہیں خاندانی بادشاہت ہے اور دو شوگرملز بچانے کے لیے لاکھوں گھر برباد کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹھارہ ہزاری میں شریف برادران کی موضع درگاہی شاہ اور موضع رشید پور میں دو شوگر ملیں ہیں، جنہیں بچانے کے لئے اٹھارہ ہزاری پر بند توڑا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی شوگر ملوں کو بچانے کیلئے غریبوں کے گھر ڈبو دیے، طاہرالقادری نے کہاکہ ان حکمرانو ں سے بڑا سیاسی درندہ اور کوئی نہیں، مسلم لیگ نواز کے گلو بٹ پمز کے چئیرمین ہیں جنہوں نے زخمی کارکنوں کے میڈیکل سرٹیفکیٹ تک نہیں دیئے گئے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے یہ مہم ختم کرنے کا اعلان اسٹیٹ بینک کے گورنر کے اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنا غیرقانونی ہے۔