Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کو عید سے قبل امدادی رقم کی پہلی قسط 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی ،

حکومت پنجاب کے پاس سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے وسائل اورفنڈز کی کمی نہیں ‘ کرنل (ر) شجاع خانزادہ

پیر 15 ستمبر 2014 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) حکومت پنجاب کے پاس تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثرہ ونے والے اپنے بہن بھائیوں کی امداد اور بحالی کے لئے وسائل اور فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ،وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب متاثرین کو عید سے قبل دی جانے والی امدادی رقم کی پہلی قسط 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے ،سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن سمیت بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں بحالی کا کام شروع کیا جاچکا ہے،تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر آگیا ہے ، دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 70 کیوسک ہے ، پنجند کے مقام پر پانچ سے چھ لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے تا ہم اس سے پنجند کو کوئی خطرہ نہیں۔

یہ بات چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے فلڈ و صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے ، پنجند میں تقریبا پانچ لاکھ کیوسک پانی آنے کا امکان ہے تاہم اس سے پنجند کو کوئی خطرہ نہیں۔

چناب میں تریموں کے مقام پر ایک لاکھ70ہزار کیوسک پانی کا اخراج ہے ، ملتان کے جنوب اور مظفر گڑھ کے بعض علاقوں سمیت چناب کے دیہی علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اب تک مجموعی طور پر 232اموات ہوچکی ہیں جبکہ 152متاثرین کے لواحقین کو 16لاکھ روپے کے چیک دیئے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے پانچ لاکھ افراد کو ریسکیو کر کے مختلف مقامات پر منتقل کیا ،ایک لاکھ23ہزار مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ، حکومت پنجاب پاک فوج کے 17ہیلی کاپٹروں اور 300کشتیوں کی مدد سے متاثرین کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کررہی ہے - آرمی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ایک لاکھ85ہزار700کلوگرام امدادی سامان لوگوں تک پہنچایا جاچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والی 38اہم رابطہ سڑکوں میں سے 31کو بحال کیا جاچکا ہے ۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ لاکھ فوڈ ہیمپرزمتاثرین میں تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ ہر ضلع میں مکینیکل تندور لگائے گئے ہیں اور چھوٹے بچوں کو دوودھ اور جوس کے پیکٹ بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تمام متاثرہ اضلاع کے ڈی سی اوز کو دس دس کروڑ روپے فراہم کرنے کے علاوہ پچاس ملین روپے پر مشتمل ایک اور فنڈ سیلاب متاثرین کے لئے مختص کردیا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے بھی سیلاب سے متاثرہ حکومت پنجاب اور سندھ کے نقصانات میں مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی روزانہ سیلاب سے متاثرہ چار اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب ریلیف فنڈ بھی قائم کردیا گیا ہے جبکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حجم کا اندازہ کرنے کے بعد اگر ضرورت پڑی تو متاثرین کی بحالی کے لئے ڈونرکانفرنس کا انعقاد بھی عمل میں لایا جاسکتا ہے۔

ایم پی اے عظمی بخاری نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خواتین کے علاج معالجے کے لئے حکومت پنجاب نے لیڈی ہیلتھ وزٹرز ، ڈاکٹرز اور موبائل یونٹس سیلاب زدہ علاقوں میں بھجوا دیئے ہیں جو ان خواتین کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کررہے ہیں۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ سیلاب سے 21اضلاع متاثرہ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی اور این جی اوز سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے اس موقع پر پاک فوج کے کردار اور خاص طور پر سیلاب متاثرین کی امداد کے دوران شہید ہونے والے نائب صوبیدار کی خدمات کو سراہا۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات