بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کیلئے 10کروڑ روپے کا چیک، امدادی سامان کے 30ٹرک حوالے کئے ہیں، منظور وٹو،

پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ پنجاب کے لوگوں کے دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے،بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا شکر گزار ہوں، صدر پیپلز پارٹی

پیر 15 ستمبر 2014 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پیر کو بارشوں اور سیلاب سے آزاد کشمیر اور پنجاب کے متاثرین کے لیے 10 کروڑ روپے کا چیک اور امدادی سامان کے 30 ٹرک حوالے کیے ۔ اس موقع پر بلاول ہاوٴس کے ہیلی پیڈ پر ایک تقریب منعقد ہوئی ، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور ، سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن ، پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو اور تنویر اشرف کائرہ ، آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر سردار غلام صادق ، وزیر تعلیم میاں عبدالوحیدخان ، وزیر ورکس اینڈ سروسز چوہدری عبدالرشید ، وزیر بہبود آبادی فرزانہ یعقوب اور دیگر رہنما موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے متاثرین کے لیے 10 کروڑ روپے کا چیک اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کے حوالے کیا جبکہ امدادی سامان کے 30 ٹرک میاں منظور وٹو کے حوالے کیے ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ میں پنجاب کے عوام اور پیپلز پارٹی پنجاب کی طرف سے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے پنجاب کے مصیبت زدہ لوگوں کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے امدادی سامان کے 50 ٹرک ہمارے حوالے کیے ہیں۔

30 ٹرک ابھی یہاں موجود ہیں اور 20 ٹرک بعدازاں روانہ کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ پنجاب کے لوگوں کے دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے۔ میں وزیر اعلیٰ سندھ کا بھی شکر گذار ہوں ، جنہوں نے پنجاب حکومت کو 10 کروڑروپے کی امداد کا چیک دیا ۔ انہوں نے کہاکہ میں پیپلز پارٹی کے قائدین اور وزیر اعلیٰ سندھ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے کارکن رات دن امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ فریال تالپور نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں اور لوگ وہاں بہت تکلیف میں ہیں ۔ ہمیں اس بات کا شدت سے احساس ہے ۔ ہماری طرف سے یہ تھوڑی سی امداد قبول کریں ۔ ہمارے کارکن متحرک ہیں اور وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے مزید امداد بھی پہنچائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی بہت نقصانات ہوئے ہیں۔ سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں۔لوگوں کے مال مویشی مر گئے ہیں ۔ مکانات گر گئے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کشمیری بھائیوں کا بھی مکمل ساتھ دے گی ۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار غلام صادق نے کہاکہ بارشوں کی وجہ سے آزادکشمیر میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں ۔ لوگ بے گھر ہوئے ہیں ۔ میں آزاد کشمیر کی پوری قوم کی طرف سے پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کا امداد دینے پر شکریہ ادا کرتاہوں ۔