عمران پاکستان کی نئی نسل کو مغربی بے راہ روی کی تعلیمات پر عمل پیرا کرنا چاہتے ہیں،جے یو آئی،

دھرنا کے نام پر میوزک کنسرٹ میں اختلاط اسلامی و معاشرتی اقدار کے خلاف ہے،ترجمان جان اچکزئی

پیر 15 ستمبر 2014 18:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نئی نسل کو مغربی بے راہ روی کی تعلیمات پر عمل پیرا کرانا چاہتے ہیں، اقبال کا درس دینے والا عمران خان مغرب کی اخلاقی انحطاط سے سبق سیکھنے کا درس بھول گیا، کیا انہیں معلوم بھی ہے کہ شاعر مشرق کا فلسفہ کیا ہے۔ پیر کو”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

15ستمبر 2014ء“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے ترجمان جان اچکزئی نے کہاکہ عمران پاکستان کی نئی نسل کو مغربی بے راہ روی کی تعلیمات پر عمل پیرا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ہمیشہ خواتین کو میدان عمل میں خوش آمدید کہاہے جبکہ سیاسی اجتماعات میں خواتین کی شرکت کو بھی تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں چاہے وہ خواتین جماعت اسلامی کے سیاسی اجتماع میں آئیں یا ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے سیاسی جلسوں میں ، لیکن سیاسی دھرنا کے نام پر میوزک کنسرٹ میں جوان لڑکے اور لڑکیوں کا پارٹیوں کے لبادے میں بے حیائی اسلامی اور معاشرتی اقدار کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان اقبال کا درس دینے کے دعویدار ہیں لیکن بھول گئے کہ شاعر مشرق نے مغرب کی اخلاقی انحطات سے سبق سیکھنے کا درس دیاتھا نہ کہ ان کی تقلید کرنے کا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنی تعلیمات ، عمل اور سیاسی تربیت سے کچھ جوانوں کو بربادی کی اس دلدل میں دھکیل دیا ہے جس کا اوڑھنا بچھونااب گالی گلوچ بن گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتاہے کہ عمران خان شاعر مشرق کے فلسفے سے ہی نابلد ہیں۔۔۔

متعلقہ عنوان :