سرگودھا، پاکستان عوامی تحریک کے 11کارکن تھانہ قائدآباد کو نذرآتش کرنے‘ توڑ پھوڑ اور پولیس سے مزاحمت کے الزام میں گرفتار

پیر 15 ستمبر 2014 13:41

حیدرآباد ٹاؤن(ارد پوائنٹ تازہ ترین اخبار 15 ستمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے گیارہ کارکنوں کو تھانہ قائدآباد کو نذرآتش کرنے‘ توڑ پھوڑ اور پولیس سے مزاحمت کے الزام میں گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خوشاب پولیس نے پیر کے روز ان ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں پیش کیا جس کے بعد عدالت نے مختصر سماعت کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا اور حکم دیا کہ ان کو یکم اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان کو ایک اور مقدمہ میں ملوث ہونے پر عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد اس مقدمہ میں رہائی پاتے ہی ان گیارہ ملزمان کو پولیس نے تھانہ نذر آتش کرنے‘ توڑ پھوڑ‘ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔ دریں اثناء ضلعی پولیس سرگودھا نے نقص امن کے تحت ڈی سی او سرگودھا کے حکم پر 3 ایم پی او کے تحت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 55 مزید کارکنوں کو 15 دن کیلئے نظربند کرنے کے حکم کے بعد سرگودھا اور شاہپور جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔ سرگودھا کی جیلوں میں نظربند افراد کی تعداد ڈیڑھ سو سے زائد ہوگئی ہے۔